پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما خواجہ سعد رفیق نے بانی پی ٹی آئی عمران خان کی بینائی سے متعلق سامنے آنے والی خبروں پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔
سوشل میڈیا پر اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ جیل چاہے سخت ہو یا نرم، قیدی کو اکثر کسی نہ کسی بیماری میں مبتلا کر دیتی ہے، یہ ایک تلخ حقیقت ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی کی بینائی متاثر ہونے کی اطلاعات مسلسل سامنے آ رہی ہیں جو باعثِ فکر ہیں۔
خواجہ سعد رفیق نے زور دیا کہ فوری اور مؤثر طبی سہولت ہر انسان کا بنیادی حق ہے۔ ان کے مطابق اگر مریض قیدی ہو اور سیاسی مخالف بھی ہو تو اس کے حقوق کا تحفظ مزید اہمیت اختیار کر جاتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس موقع پر ماضی کے دورِ حکومت میں سیاسی مخالفین کے ساتھ ہونے والی مبینہ زیادتیوں کا ذکر کرنا مناسب نہیں ہوگا۔
رہنما مسلم لیگ (ن) نے مطالبہ کیا کہ حکومت اور متعلقہ ریاستی ادارے بانی پی ٹی آئی کی میڈیکل رپورٹس کی روشنی میں واضح سرکاری مؤقف جاری کریں اور ان کے اہلِ خانہ کو ملاقات کی اجازت دی جائے تاکہ خدشات کا ازالہ ہو سکے۔