ریاض:سعودی عرب میں رمضان المبارک 1447 ہجری کا چاند نظر آنے کا باضابطہ اعلان کر دیا گیا ہے، جس کے مطابق بدھ 18 فروری کو پہلا روزہ ہوگا۔
سعودی میڈیا کے مطابق چاند دیکھنے کے لیے حوطہ سدیر سمیت مملکت کے کم از کم سات مختلف مقامات پر خصوصی اجلاس منعقد کیے گئے جن میں محکمہ موسمیات اور فلکیات کے ماہرین بھی شریک تھے۔ اس سال پہلی مرتبہ چاند کی رویت کے لیے جدید ٹیکنالوجی اور جدید دوربینوں کا استعمال کیا گیا۔
سعودی سپریم کورٹ کی جانب سے چاند نظر آنے کی تصدیق کے بعد سرکاری سطح پر یکم رمضان کا اعلان کیا گیا، قطر اور متحدہ عرب امارات میں بھی بدھ 18 فروری کو یکم رمضان ہوگا اور وہاں کی مذہبی اتھارٹیز نے سرکاری نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے۔
دوسری جانب ملائیشیا اور ترکیے میں چاند نظر نہیں آیا، جس کے باعث ان ممالک میں پہلا روزہ جمعرات 19 فروری کو رکھا جائے گا۔ اسی طرح سنگاپور، برونائی، آسٹریلیا اور عمان میں بھی رمضان المبارک کا آغاز 19 فروری سے ہوگا۔
ترجمان سپارکو کے مطابق پاکستان میں رمضان کا چاند دیکھنے کے لیے مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس کل پشاور میں منعقد ہوگا جہاں ملک بھر سے موصول ہونے والی شہادتوں کی بنیاد پر حتمی اعلان کیا جائے گا، فلکیاتی حسابات کے تحت پاکستان میں یکم رمضان 19 فروری 2026 کو ہونے کا قوی امکان ہے۔
ماہرین فلکیات کا کہنا ہے کہ چاند کی پیدائش، افق پر اس کی بلندی اور نظر آنے کے دورانیے جیسے عوامل مختلف ممالک میں رویت کے فرق کا باعث بنتے ہیں، اسی لیے دنیا کے مختلف حصوں میں رمضان کا آغاز ایک ہی دن نہیں ہوتا۔