اسلام آباد: پاکستان میں موجود امریکی سفارت خانے اور قونصل خانوں کی معمول کی خدمات عارضی طور پر معطل کر دی گئی ہیں۔
حکام کے مطابق یہ فیصلہ موجودہ سیکیورٹی صورتحال کے تناظر میں کیا گیا ہے تاکہ سفارتی عملے اور درخواست گزاروں کی حفاظت یقینی بنائی جا سکے۔
نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق اس فیصلے کا اطلاق اسلام آباد میں قائم امریکی سفارت خانے کے علاوہ کراچی، لاہور اور پشاور کے قونصل خانوں پر بھی ہو گا۔
اعلامیے کے مطابق ویزا اپائنٹمنٹس، پاسپورٹ کی تجدید اور امریکی شہریوں سے متعلق دیگر قونصلر خدمات فی الحال بند رہیں گی۔ یہ بندش 2 مارچ 2026 کے لیے نافذ کی گئی ہے جبکہ آئندہ شیڈول کے بارے میں متعلقہ افراد کو بعد میں آگاہ کیا جائے گا۔
سفارتی ذرائع کا کہنا ہے کہ حالات کا مسلسل جائزہ لیا جا رہا ہے اور صورتحال بہتر ہوتے ہی سروسز بحال کر دی جائیں گی۔
سیکیورٹی اقدامات میں اضافے کی وجہ حالیہ احتجاجی مظاہرے بتائے جا رہے ہیں جو ایرانی سپریم لیڈر علی خامنہ ای کی شہادت کے بعد مختلف شہروں میں دیکھنے میں آئے۔
ان مظاہروں کے دوران بعض مقامات پر جھڑپیں بھی ہوئیں جن میں جانی نقصان کی اطلاعات سامنے آئیں۔ ایسے حالات میں غیر ملکی سفارتی مشنز نے احتیاطی تدابیر اختیار کرتے ہوئے عوامی رسائی محدود کر دی ہے۔
حکام نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ کسی بھی اپڈیٹ کے لیے متعلقہ سفارتی مشن کی ویب سائٹ یا سرکاری ذرائع سے معلومات حاصل کریں۔