ٹیلی گرام کے ذریعے خبریں اپنے موبائل پر حاصل کرنے کے لیے کلک کریں

القمرآن لائن کے ٹیلی گرام گروپ میں شامل ہوں اور تازہ ترین اپ ڈیٹس موبائل پر حاصل کریں

آزاد کشمیر میں کالعدم جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی کا مرکزی دفتر سیل، پولیس کا اسلحہ برآمد کرنے کا دعویٰ

مظفرآباد: آزاد کشمیر حکومت کی جانب سے کالعدم قرار دی گئی جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی کے خلاف کارروائیوں کا سلسلہ جاری ہے۔ ضلعی انتظامیہ اور پولیس نے مظفرآباد میں قائم تنظیم کے مرکزی دفتر کو سیل کر دیا ہے۔

رپورٹس کے مطابق پولیس اور انتظامیہ نے مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے دفتر کی تلاشی لی، جس کے دوران ایک سب مشین گن، ایک بارہ بور رائفل اور ایک پستول برآمد ہونے کا دعویٰ کیا گیا ہے، برآمد شدہ اسلحہ قبضے میں لے کر مزید قانونی کارروائی شروع کر دی گئی ہے۔

ذرائع کے مطابق کارروائی کے وقت مرکزی دفتر کے باہر لوگوں کی ایک بڑی تعداد موجود تھی، صورتحال پُرامن رہی اور کسی قسم کے احتجاج، ہنگامہ آرائی یا نعرے بازی کی اطلاع موصول نہیں ہوئی۔

یاد رہے کہ محکمہ داخلہ آزاد کشمیر نے حال ہی میں جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی کو انسدادِ دہشت گردی قوانین کے تحت کالعدم قرار دینے کا نوٹیفکیشن جاری کیا تھا، تنظیم پر ریاست میں انتشار پھیلانے، امن و امان کی صورتحال متاثر کرنے اور عوام میں خوف و ہراس پیدا کرنے کے الزامات عائد کیے گئے ہیں۔

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ کالعدم قرار دی گئی تنظیموں کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی جاری رکھی جائے گی اور امن و امان برقرار رکھنے کے لیے تمام ضروری اقدامات کیے جائیں گے۔

دوسری جانب تنظیم کے حامیوں اور بعض سیاسی حلقوں کی جانب سے حکومتی اقدامات پر مختلف آراء سامنے آ رہی ہیں جبکہ موجودہ صورتحال میں ریاستی ادارے امن و امان کی نگرانی اور قانون کے نفاذ کے لیے متحرک ہیں۔

  • ویب ڈیسک
  • وہاج فاروقی

وٹس ایپ کے ذریعے خبریں اپنے موبائل پر حاصل کرنے کے لیے کلک کریں

تمام خبریں اپنے ای میل میں حاصل کرنے کے لیے اپنا ای میل لکھیے

اپنا تبصرہ بھیجیں