اننت ناگ/جنوبی کشمیر کے ضلع اننت ناگ کے بیج بہاڑہ علاقے میں ڈیوٹی پر مامور اسٹیشن ہاؤس آفیسر (ایس ایچ او) کو گاڑی سے مبینہ طور پر ٹکر مار کر زخمی کرنے کے الزام میں پولیس کانسٹیبل کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔حکام کے مطابق یہ واقعہ اتوار کی دیر رات پیش آیا، جب بیجبہاڑہ پولیس اسٹیشن کے ایس ایچ او مجید احمد خان ڈیوٹی پر موجود تھے۔ اسی دوران پولیس اسٹیشن کے قریب ایک گاڑی نے انہیں ٹکر مار دی، جس کے نتیجے میں وہ زخمی ہوگئے۔
پولیس حکام نے بتایا کہ واقعے کے سلسلے میں گرفتار کیے گئے اہلکار کی شناخت کانسٹیبل خورشید احمد وانی ولد محمد عبداللہ وانی ساکن بندو، کوکرناگ کے طور پر ہوئی ہے۔واقعے میں استعمال ہونے والی آلٹو گاڑی زیرِ نمبر JK16A-3739کو بھی پولیس نے ضبط کر لیا ہے۔
زخمی ایس ایچ او کو ابتدائی طبی امداد کے لیے سب ضلع ہسپتال بیجبہاڑہ منتقل کیا گیا، جہاں سے بعد میں مزید علاج کے لیے انہیں بون اینڈ جوائنٹ ہسپتال، سری نگر ریفر کیا گیا۔پولیس نے واقعے کی مزید تحقیقات شروع کر دی ہیں۔