ٹیلی گرام کے ذریعے خبریں اپنے موبائل پر حاصل کرنے کے لیے کلک کریں

القمرآن لائن کے ٹیلی گرام گروپ میں شامل ہوں اور تازہ ترین اپ ڈیٹس موبائل پر حاصل کریں

15 برس سے خستہ حال سڑک سے گوجوارہ کے مکین پریشان،مقامی ممبراسمبلی بھی نہیں کر سکے کوئی ازالہ ،صرف یقین دہانیاں کرائی گئیں

سرینگر//شہر کے پائین علاقے ملک صاحب، گوجوارہ، وارڈ نمبر 8 میں گزشتہ تقریباً 15 برس سے ایک اہم رابطہ سڑک خستہ حالی کا شکار ہے، جس کے باعث مقامی آبادی، طلبہ، والدین اور راہگیروں کو روزانہ شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ سڑک کی تباہی کی بنیادی وجہ نکاسی آب کا خراب نظام ہے، جس کے باعث بارش یا معمولی پانی جمع ہونے پر پورا راستہ کیچڑ اور گڑھوں میں تبدیل ہوجاتا ہے۔مقامی باشندوں کے مطابق یہ سڑک سنی کڈز اسکول اور ایک شادی ہال تک پہنچنے کا اہم راستہ ہے، جہاں روزانہ سینکڑوں بچے، خواتین، بزرگ اور دیگر شہری آمدورفت کرتے ہیں۔ خراب سڑک اور ٹوٹی ہوئی ڈرین کی وجہ سے نہ صرف پیدل چلنا دشوار ہوگیا ہے بلکہ حادثات کا خطرہ بھی مسلسل بڑھ رہا ہے۔علاقہ مکینوں نے بتایا کہ انہوں نے اس مسئلے کے حل کے لیے کئی مرتبہ سری نگر میونسپل کارپوریشن اور متعلقہ محکموں سے رجوع کیا، تاہم برسوں گزرنے کے باوجود کوئی مستقل حل نہیں نکالا گیا۔ ان کا کہنا ہے کہ صرف یقین دہانیاں دی جاتی ہیں لیکن زمینی سطح پر کوئی کام نظر نہیں آتا۔
مقامی لوگوں نے متعلقہ ممبر اسمبلی علی محمد ساگر کے تئیں بھی شدید برہمی کا اظہار کتے ہوئے کہا کہ ہمیں بے حد گلہ ہے کہ رُکن اسمبلی بھی ہمارے اِس دیرینہ مطالبے کو لیکر سنجیدہ نہیں ہوئے ،گو کہ علی محمد کے صاحبزادےسلمان ساگر نے بھی صرف ٹیوٹ اور ری ٹیوٹ تک اِس مسئلے کو محدود رکھا ۔
مقامی لوگوں نے انکشاف کیا کہ گزشتہ برس اس سڑک اور نکاسی آب کی مرمت کے لیے تقریباً 5.5 لاکھ روپے کا ٹینڈر بھی مشتہر کیا گیا تھا، تاہم بعد میں حکام نے یہ کہتے ہوئے اسے منسوخ کردیا کہ اس رقم سے مطلوبہ کام مکمل نہیں ہوسکتا۔ ان کے مطابق بعد ازاں اس منصوبے کے لیے مزید 18لاکھ روپے رقومات بھی مختص کی گئیں، لیکن اس کے باوجود تعمیراتی کام شروع نہیں کیا گیا اور مسئلہ جوں کا توں برقرار ہے۔اعجاز احمداور طارق احمد، زبیر احمد اور رفیق احمد نامی ایک مقامی شہریوںکے مطابق جب انھوں نے سرینگر میونسپل کارپوریشن کے دفتر میں مذکورہ منصوبے کی فائل کا پتہ لگانے کیلئے گیا تو دفتر ہذا میں فائل ہی گمشدہ ہے۔شہریوں کا کہنا ہے کہ طویل عرصے سے بنیادی سہولیات سے محرومی ان کے لیے شدید پریشانی کا باعث بن چکی ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ خراب ڈرینج سسٹم کو فوری طور پر درست کیا جائے اور سڑک کی ازسرنو تعمیر عمل میں لا کر عوام کو راحت فراہم کی جائے۔مقامی باشندوں نے کمشنر سری نگر میونسپل کارپوریشن اور دیگر متعلقہ حکام سے اپیل کی ہے کہ وہ اس معاملے کا فوری نوٹس لیں اور برسوں سے زیر التوا منصوبے کو عملی جامہ پہنائیں تاکہ علاقے کے ہزاروں شہریوں، بالخصوص اسکولی بچوں، کو محفوظ اور بہتر آمدورفت کی سہولت میسر آسکے۔ انہوں نے کہا کہ صاف ستھری سڑکیں اور مناسب نکاسی آب جیسی بنیادی شہری سہولیات عوام کا حق ہیں، جن کی فراہمی میں مزید تاخیر نہیں ہونی چاہیے۔

وٹس ایپ کے ذریعے خبریں اپنے موبائل پر حاصل کرنے کے لیے کلک کریں

تمام خبریں اپنے ای میل میں حاصل کرنے کے لیے اپنا ای میل لکھیے

اپنا تبصرہ بھیجیں