راجوری/راجوری ضلع کے منجاکوٹ علاقے میں تیندوے کے حملے میں تین بکریاں ہلاک جبکہ دو دیگر شدید زخمی ہوگئیں، جس کے بعد مقامی آبادی میں خوف و ہراس پھیل گیا ہے۔مقامی لوگوں کے مطابق یہ واقعہ حیات پورہ گاؤں میں پیش آیا، جہاں محمد نصیر خان ولد محمد شریف کی بکریوں کے ریوڑ پر تیندوے نے اچانک حملہ کردیا۔مقامی ذرائع نے بتایا کہ بکریاں علاقے میں چر رہی تھیں کہ تیندوے نے ان پر حملہ کیا۔ حملے کے نتیجے میں تین بکریاں موقع پر ہی ہلاک ہوگئیں جبکہ دو دیگر شدید زخمی ہوئیں۔
واقعے کے بعد علاقے کے لوگوں میں تشویش پائی جارہی ہے۔ مقامی لوگوں نے محکمہ وائلڈ لائف سے مطالبہ کیا ہے کہ تیندوے کی نقل و حرکت پر نظر رکھتے ہوئے احتیاطی اور حفاظتی اقدامات کیے جائیں تاکہ مستقبل میں ایسے واقعات سے بچا جا سکے۔