سری نگر/جموں و کشمیر بینک میں پانچ سال کے طویل وقفے کے بعد بینکنگ اسسٹنٹس اور افسران کی بھرتی کا عمل دوبارہ شروع ہونے جا رہا ہے، جبکہ بھرتی سے متعلق نوٹیفکیشن آئندہ چند روز میں جاری کیے جانے کا امکان ہے۔جموں و کشمیر بینک کے منیجنگ ڈائریکٹر اور چیف ایگزیکٹو آفیسر امیتاوا چٹرجی نے سری نگر کے ایس کے آئی سی سی میں منعقدہ بینک کے 88ویں سالانہ جنرل اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بھرتی امتحانات منعقد کرنے والی ایجنسی کے ساتھ معاہدے کو حتمی شکل دے دی گئی ہے۔
امیتاوا چٹرجی نے کہا کہ ’’اس ایجنسی کے ساتھ مذاکرات اور معاہدے پر دستخط کا عمل مکمل ہو چکا ہے جو بھرتی امتحانات منعقد کرے گی۔ بینک چند روز میں بھرتی کا نوٹیفکیشن جاری کرے گا۔‘‘انہوں نے کہا کہ بھرتی کا عمل جموں، کشمیر اور لداخ کے لیے ہوگا۔
جموں و کشمیر اور لداخ سے باہر بھرتی کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ بینک ان علاقوں میں مقامی زبانوں کی ضرورت کو مدنظر رکھتے ہوئے محدود پیمانے پر بھرتیاں کر سکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ بینک کی جموں و کشمیر سے باہر 22 ریاستوں میں موجودگی ہے، جہاں صارفین کو بہتر خدمات فراہم کرنے کے لیے ایسے ملازمین کی ضرورت ہوتی ہے جو متعلقہ علاقوں کی مقامی زبانوں پر عبور رکھتے ہوں۔