ٹیلی گرام کے ذریعے خبریں اپنے موبائل پر حاصل کرنے کے لیے کلک کریں

القمرآن لائن کے ٹیلی گرام گروپ میں شامل ہوں اور تازہ ترین اپ ڈیٹس موبائل پر حاصل کریں

بارہمولہ میں یو اے پی اے کے تحت رہائشی مکان منسلک

بارہمولہ/بارہمولہ پولیس نے بدھ کے روز ملی ٹینسی سے متعلق ایک معاملے میں شیری کے نمبلان گاؤں میں واقع دو منزلہ رہائشی مکان کو غیر قانونی سرگرمیاں (روک تھام) ایکٹ (UAPA) کے تحت منسلک کر دیا۔جاری ایک بیان میں پولیس ترجمان نے بتایا کہ ملی ٹینٹ نیٹ ورک اور ان کے معاون ڈھانچے کے خلاف کارروائی جاری رکھتے ہوئے بارہمولہ پولیس نے پولیس اسٹیشن شیری میں درج ایف آئی آر نمبر 37/2026کے سلسلے میں یو اے پی اے ایکٹ 1967 کی دفعہ 25 کے تحت مذکورہ جائیداد کو منسلک کیا ہے۔
ترجمان کے مطابق مذکورہ کیس میں آرمز ایکٹ کی دفعات 7/25جبکہ یو اے پی اے کی دفعات 13، 18، 19، 20، 23، 38 اور 39کے تحت مقدمہ درج ہے۔ منسلک کی گئی جائیداد نمبلان، شیری، بارہمولہ میں سروے نمبر 423پر واقع دو منزلہ رہائشی مکان ہے، جو ملزم اعجاز احمد گنائی ولد مرحوم محمد سلطان گنائی کی ملکیت ہے۔
پولیس کے مطابق تحقیقات کے دوران ابتدائی طور پر یہ بات سامنے آئی کہ مذکورہ جائیداد ملی ٹینٹوں کو پناہ اور رسد و معاونت فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ ملی ٹینسی سرگرمیوں میں سہولت کاری کے لیے استعمال کی گئی، جس کے باعث یہ جائیداد یو اے پی اے کی متعلقہ دفعات کے دائرے میں آتی ہے۔
ترجمان نے بتایا کہ جائیداد کو منسلک کرنے کی کارروائی جموں و کشمیر کے ڈائریکٹر جنرل آف پولیس سے مطلوبہ منظوری حاصل کرنے کے بعد عمل میں لائی گئی۔ اس سلسلے میں 22 ستمبر 2026 کو آرڈر نمبر 2695 آف 2026جاری کیا گیا تھا۔پولیس نے مزید بتایا کہ جائیداد پر ایک عوامی نوٹس بھی چسپاں کیا گیا ہے، جس کے ذریعے مکان کی فروخت، منتقلی، لیز، رہن رکھنے یا کسی تیسرے فریق کا حق قائم کرنے پر پابندی عائد کی گئی ہے۔
بارہمولہ پولیس نے کہا کہ یہ کارروائی دہشت گرد نیٹ ورکس کے لاجسٹک اور معاون ڈھانچے کو ختم کرنے کی مسلسل کوششوں کا حصہ ہے اور دہشت گردانہ سرگرمیوں میں سہولت کاری میں ملوث افراد اور جائیدادوں کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی جاری رہے گی۔پولیس نے عوامی سلامتی کے تحفظ اور دہشت گرد نیٹ ورکس و ان کے معاون ڈھانچوں کے خلاف قانونی کارروائی کے عزم کا اعادہ کیا۔

وٹس ایپ کے ذریعے خبریں اپنے موبائل پر حاصل کرنے کے لیے کلک کریں

تمام خبریں اپنے ای میل میں حاصل کرنے کے لیے اپنا ای میل لکھیے

اپنا تبصرہ بھیجیں