سری نگر/جموں و کشمیر میں جاری کیے گئے 5,73,667 درج فہرست قبائل-2 (ایس ٹی-2) سرٹیفکیٹس میں سے 5,04,007 سرٹیفکیٹس جموں ڈویژن میں جاری کیے گئے، جبکہ کشمیر ڈویژن میں 69,660 سرٹیفکیٹس جاری ہوئے ہیں۔ جموں و کشمیر حکومت نے جمعرات کو قانون ساز اسمبلی کو یہ اطلاع دی۔یہ معلومات جموں و کشمیر کے وزیراعلیٰ، جو محکمہ مال کے وزیر بھی ہیں، نے بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے رکن اسمبلی نریندر سنگھ رائنا کی جانب سے جموں و کشمیر میں رہنے والے پہاڑی نسلی گروہوں کے اہل افراد کو ایس ٹی-2 سرٹیفکیٹس جاری کیے جانے سے متعلق پوچھے گئے سوال کے جواب میں فراہم کیں۔
سرکاری جواب کے مطابق، جموں و کشمیر میں مجموعی طور پر 5,73,667 ایس ٹی-2 سرٹیفکیٹس جاری کیے گئے ہیں۔کشمیر ڈویژن میں بارہمولہ میں 29,635، سری نگر میں 46، بڈگام میں 336، پلوامہ میں 836، گاندربل میں 1,018، کولگام میں 347، کپواڑہ میں 34,224، بانڈی پورہ میں 193، شوپیاں میں 1,735 اور اننت ناگ میں 1,290 سرٹیفکیٹس جاری کیے گئے۔
محکمہ کے اعداد و شمار کے مطابق کشمیر ڈویژن کے مذکورہ اضلاع میں مجموعی طور پر 69,660 سرٹیفکیٹس جاری ہوئے ہیں۔جموں ڈویژن میں راجوری سب سے زیادہ 3,01,091 سرٹیفکیٹس کے ساتھ سرفہرست رہا، جبکہ پونچھ میں 1,85,435 اور کشتواڑ میں 17,304 سرٹیفکیٹس جاری کیے گئے۔دیگر اضلاع میں یہ تعداد کافی کم رہی۔ جموں میں 140، ادھم پور میں سات، رام بن میں دو، سانبہ میں ایک اور ڈوڈہ میں تین سرٹیفکیٹس جاری کیے گئے۔