ٹیلی گرام کے ذریعے خبریں اپنے موبائل پر حاصل کرنے کے لیے کلک کریں

القمرآن لائن کے ٹیلی گرام گروپ میں شامل ہوں اور تازہ ترین اپ ڈیٹس موبائل پر حاصل کریں

جموں و کشمیر کے صحت شعبے میں ڈاکٹروں اور پیرا میڈیکل عملے کی ہزاروں اسامیاں خالی

میڈیکل افسران کی 2,891، پیرا میڈیکل و نرسنگ عملے کی 9,723 اسامیاں خالی، حکومت نے اسمبلی میں اعداد و شمار پیش کر دیئے

سری نگر/جموں و کشمیر کے مختلف سرکاری طبی اداروں میں میڈیکل افسران کی 2,891جبکہ پیرا میڈیکل اور نرسنگ عملے کی 9,723 اسامیاںخالی پڑی ہیں۔ حکومت نے یہ اعداد و شمار جمعرات کو قانون ساز اسمبلی میں بڈگام کے رکن اسمبلی آغا سید منتظر مہدی کی جانب سے صحت کے شعبے سے متعلق پوچھے گئے سوال کے جواب میں پیش کیے۔
حکومت نے اپنے تحریری جواب میں بتایا کہ مختلف صحت اداروں میں میڈیکل افسران کی 2,891 اور پیرا میڈیکل و نرسنگ عملے کی 9,723 اسامیاں خالی ہیں۔ زیر التوا مستقل تقرریوں کے باعث عملے کی کمی کو عبوری انتظامات کے ذریعے پورا کیا جا رہا ہے، جن میں نیشنل ہیلتھ مشن (این ایچ ایم) کے تحت عملے کی تعیناتی اور جہاں ممکن ہو اور انتظامی طور پر اجازت ہو، اکیڈمک ارینجمنٹ کی بنیاد پر تقرریاں شامل ہیں۔
حکومت نے بتایا کہ جموں و کشمیر پبلک سروس کمیشن (JKPSC) کے ذریعے منتخب کیے گئے 416 میڈیکل افسران حال ہی میں محکمہ صحت کو موصول ہوئے ہیں، جن میں سے 335 امیدواروں کے تقرری احکامات جاری کیے جا چکے ہیں۔اس کے علاوہ 1,567 پیرا میڈیکل اور نان گزیٹڈ اسامیاں موزوں امیدواروں کے انتخاب کے لیے جموں و کشمیر سروسز سلیکشن بورڈ (JKSSB) کو بھیجی گئی ہیں۔
ریشی پورہ بڈگام میں زیر تعمیر 125 بستروں والے ڈسٹرکٹ اسپتال کے حوالے سے حکومت نے بتایا کہ تعمیراتی کام جاری ہے اور منصوبے کا تقریباً 70 فیصد کام مکمل ہو چکا ہے۔حکومت کے مطابق اسپتال منصوبہ مالی سال 2027-28 کے اختتام تک مکمل ہونے کی توقع ہے، تاہم اس کا انحصار فنڈز کی دستیابی اور باقی ماندہ کام بروقت مکمل ہونے پر ہوگا۔حکومت نے بتایا کہ منصوبے کے لیے اب تک 132.18 کروڑ روپےجاری کیے گئے ہیں، جن میں سے 123.37 کروڑ روپے خرچ کیے جا چکے ہیں۔ رواں مالی سال کے دوران منصوبے کے لیے 111.07 کروڑ روپےجاری کیے گئے، جبکہ اس میں سے 2.25 کروڑ روپے خرچ ہوئے ہیں۔
ریشی پورہ میں زیر تعمیر100 بستروں والے کریٹیکل کیئر یونٹ کے حوالے سے حکومت نے بتایا کہ اے اے سی بلاک پر کام جاری ہے۔ گراؤنڈ اور فرسٹ فلور کا تقریباً 95، 95 فیصدکام مکمل ہو چکا ہے، جبکہ سیکنڈ فلور پر تقریباً 70 فیصد کام مکمل ہوا ہے۔گراؤنڈ فلور پر پلستر کا تقریباً 82 فیصد اور فرسٹ فلور پر 90 فیصد کام مکمل ہو چکا ہے، جبکہ سیکنڈ فلور پر کام جاری ہے۔ ٹائلنگ، پلمبنگ، فائر فائٹنگ اور وال چیزنگ کے کام بھی جاری ہیں۔ حکومت کے مطابق تیسرے فلور کے کالموں کے لیے ری انفورسمنٹ کٹنگ اور بینڈنگ کا کام بھی جاری ہے۔
حکومت کی جانب سے پیش کیے گئے اعداد و شمار کے مطابق سکمزمیں میڈیکل افسران کی 150 اور پیرا میڈیکل و نرسنگ عملے کی 1,216 اسامیاں خالی ہیں۔ڈائریکٹوریٹ آف ہیلتھ سروسز کشمیرمیں 967 میڈیکل افسران اور 150 پیرا میڈیکل عملے کی اسامیاں خالی ہیں، جبکہ ڈائریکٹوریٹ آف ہیلتھ سروسز جموں میں میڈیکل افسران کی 462 اور پیرا میڈیکل عملے کی 2,744 اسامیاں خالی ہیں۔ڈائریکٹوریٹ آف آیوش میں میڈیکل افسران کی 55 اور پیرا میڈیکل عملے کی 115 اسامیاں خالی ہیں۔
سرکاری میڈیکل کالجوں میں جی ایم سی سری نگرمیں 474 میڈیکل افسران اور 531 پیرا میڈیکل و نرسنگ عملے، جی ایم سی اننت ناگ میں 107 اور 107، جی ایم سی بارہمولہ میں 62 اور 260، جبکہ جی ایم سی ہندوارہ میں 134 اور 378 اسامیاں خالی ہیں۔
اعداد و شمار کے مطابق جی ایم سی جموںمیں میڈیکل افسران کی 150 اور پیرا میڈیکل و نرسنگ عملے کی 1,216 اسامیاں خالی ہیں، جبکہ جی ایم سی ادھمپورمیں 66 میڈیکل افسران اور 1,216 پیرا میڈیکل و نرسنگ عملے کی اسامیاں خالی ہیں۔اسی طرح جی ایم سی راجوری میں 32 اور 30، جی ایم سی کٹھوعہ میں 118 اور 266، جبکہ جی ایم سی ڈوڈہ میں 114 میڈیکل افسران اور 64 پیرا میڈیکل و نرسنگ عملے کی اسامیاں خالی ہیں۔
اسٹڈی لیو کے حوالے سے حکومت نے بتایا کہ صرف وہی معاملات زیر غور لائے جاتے ہیں جن میں چھٹی باضابطہ طور پر منظور کی گئی ہو۔ ایسے معاملات میں جموں و کشمیر سول سروسز (لیو) رولز 1979 اور بعد میں کی گئی ترامیم و حکومتی سرکلرز کے تحت کارروائی کی جاتی ہے۔محکمہ نے بتایا کہ اجازت دینے سے قبل امیدوار کی اہلیت، سروس ریکارڈ، کیڈر پوزیشن اور عوامی مفاد کی جانچ کی جاتی ہے۔ اس کے علاوہ وظیفے کی ایڈجسٹمنٹ، سروس بک میں اندراج اور سروس ترک کرنے کی صورت میں جرمانے سے متعلق شرائط بھی متعلقہ قواعد کے مطابق نافذ کی جاتی ہیں۔

وٹس ایپ کے ذریعے خبریں اپنے موبائل پر حاصل کرنے کے لیے کلک کریں

تمام خبریں اپنے ای میل میں حاصل کرنے کے لیے اپنا ای میل لکھیے

اپنا تبصرہ بھیجیں