کراچی ایکسپو سینٹر میں ’’آئی ٹی سی این ایشیا 2026‘‘ کے دوسرے روز ٹیکنالوجی سے وابستہ مقامی و عالمی کمپنیوں، ماہرین، سرمایہ کاروں اور کاروباری شخصیات کے ساتھ بڑی تعداد میں وزٹرز کی آمد نے نمائش کو بھرپور سرگرمیوں کا مرکز بنا دیا۔ تین روزہ نمائش میں مصنوعی ذہانت، سائبر سیکیورٹی، کلاؤڈ کمپیوٹنگ، فن ٹیک، ای کامرس اور ڈیجیٹل ٹیکنالوجی سمیت جدید شعبوں سے متعلق مصنوعات اور سلوشنز پیش کیے جا رہے ہیں۔
اسپیشل انویسٹمنٹ فیسیلیٹیشن کونسل (ایس آئی ایف سی) کے تعاون سے منعقد ہونے والی کے دوسرے روز کراچی ایکسپو سینٹر میں غیر معمولی گہما گہمی دیکھنے میں آئی، جہاں مقامی و بین الاقوامی ٹیکنالوجی کمپنیوں، ماہرین، کاروباری شخصیات، سرمایہ کاروں اور صنعت سے وابستہ افراد سمیت بڑی تعداد میں وزٹرز نے تین روزہ ٹیکنالوجی نمائش اور کانفرنس میں شرکت کی۔
ای کامرس گیٹ وے پاکستان کے زیرِ اہتمام آئی ٹی سی این ایشیا 2026 پاکستان کے ٹیکنالوجی ایکو سسٹم کے لیے ایک اہم پلیٹ فارم کے طور پر سامنے آیا ہے، جہاں مقامی ٹیکنالوجی کمپنیوں، عالمی برانڈز، حکومتی نمائندگان، بین الاقوامی وفود، سرمایہ کاروں، اسٹارٹ اپس اور کاروباری رہنماؤں کو ایک چھت تلے جمع ہونے کا موقع فراہم کیا گیا ہے۔
ایونٹ میں 350 سے زائد بین الاقوامی مندوبین اور سرمایہ کار، 850 سے زائد حکومتی رہنما، 18,500 سے زائد سی-سوئٹ ایگزیکٹوز اور فیصلہ ساز، جب کہ 75,000 سے زائد تجارتی وزٹرزشریک ہو رہے ہیں۔ بین الاقوامی شرکت میں آذربائیجان، چین، جنوبی کوریا، آسٹریلیا، ترکیہ، مصر، برطانیہ اور سوئٹزرلینڈسمیت متعدد ممالک شامل ہیں۔
نمائش کے دوسرے روز بڑی تعداد میں وزٹرز کی آمد پاکستان کی ٹیکنالوجی اور ڈیجیٹل معیشت میں بڑھتی ہوئی دل چسپی کی عکاسی کرتی ہے۔ شرکا نے نمائش میں موجود مختلف ٹیکنالوجی سلوشنز کا جائزہ لیا اور نمائش کنندگان کے ساتھ براہِ راست رابطہ کیا۔ نمائش میں آرٹیفیشل انٹیلیجنس، کلاؤڈ کمپیوٹنگ، سائبر سیکیورٹی، ڈیٹا سینٹرز، فن ٹیک، ای کامرس، انٹرپرائز ٹیکنالوجی، ایجوکیشن ٹیکنالوجی، ہیلتھ ٹیکنالوجی اور ڈیجیٹل ٹرانسفارمیشن سمیت ٹیکنالوجی کے اہم شعبوں کو اجاگر کیا گیا۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے محمد عمیر نظام، چیف ایگزیکٹو آفیسر، آئی ٹی سی این ایشیانے کہا کہ پاکستان سمیت بین الاقوامی مارکیٹس سے حاصل ہونے والی بھرپور شرکت اس امر کی عکاسی کرتی ہے کہ ٹیکنالوجی اقتصادی ترقی، سرمایہ کاری اور عالمی کاروباری روابط کے فروغ میں تیزی سے اہم کردار ادا کر رہی ہے۔
انھوں نے کہا کہ آئی ٹی سی این ایشیا ایک ایسا پلیٹ فارم فراہم کر رہا ہے جہاں پاکستانی ٹیکنالوجی کمپنیاں بین الاقوامی کاروباری اداروں، سرمایہ کاروں اور ٹیکنالوجی پارٹنرز کے ساتھ براہِ راست روابط قائم کر سکتی ہیں، جب کہ عالمی شرکا کو پاکستان کے تیزی سے ترقی کرتے ہوئے ڈیجیٹل ایکو سسٹم کو قریب سے سمجھنے اور اس میں کاروباری مواقع تلاش کرنے کا موقع مل رہا ہے۔
ایونٹ کے دوسرے روز ایک جامع کانفرنس پروگرام بھی منعقد ہوا، جس میں پاکستان کے ٹیکنالوجی سیکٹر کو درپیش اہم معاملات پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔ پبلک اور پرائیویٹ سیکٹر سے تعلق رکھنے والے سینئر نمائندگان نے ’’پاکستان میں اے آئی کی ناگزیریت: مستقبل کے لیے تیار افرادی قوت، کاروباری اداروں اور ٹیکنالوجی کے نظام کی تشکیل‘‘ کے موضوع پر تبادلہ خیال کیا۔
نمائش کے مختلف ہالز میں دن بھر سرگرمیاں جاری رہیں، جہاں نمائش کنندگان نے کاروباری ملاقاتوں، مصنوعات کے عملی مظاہروں، نیٹ ورکنگ سیشنز اور ممکنہ صارفین و کاروباری شراکت داروں کے ساتھ ملاقاتوں میں حصہ لیا۔ بین الاقوامی مندوبین اور سرمایہ کاروں کی موجودگی نے کاروباری اداروں کے درمیان روابط، ممکنہ شراکت داری اور ٹیکنالوجی کے شعبے میں نئے کاروباری مواقع کے امکانات کو مزید تقویت دی۔
28 ویں آئی ٹی سی این ایشیا 2026 کراچی ایکسپو سینٹر میں آج 24 ستمبرتک جاری رہے گی، جہاں مزید جدید ٹیکنالوجی کی نمائش، کانفرنس سیشنز، نیٹ ورکنگ کے مواقع اور انٹرپرینیورشپ، سائبر سیکیورٹی، مصنوعی ذہانت اور پاکستان کی ڈیجیٹل معیشت کے مستقبل سے متعلق مختلف پروگرامز منعقد کیے جائیں گے۔