محمد تسکین
بانہال/جموں-سری نگر قومی شاہراہ پر رام بن ضلع کے مروگ کے قریب جمعرات کو سری نگر سے جموں جا رہی مغربی بنگال رجسٹرڈ سلیپر بس (WB39K-2929) حادثے کا شکار ہو کر الٹ گئی، جس کے نتیجے میں تقریباً 25 مسافر معمولی زخمی ہو گئے۔
پولیس کے مطابق بس مروگ کے قریب ڈاؤن ٹیوب میں الٹ گئی۔ حادثے کے بعد زخمی مسافروں کو پولیس اہلکاروں، ایس ڈی آر ایف، سی آر پی ایف، فوج اور سول کیو آر ٹی رام بن کے رضاکاروں کی مدد سے علاج کے لیے ضلع اسپتال رام بن منتقل کیا گیا۔
ٹریفک پولیس حکام کے مطابق مذکورہ بس میں 58 مسافروں کے بیٹھنے کی گنجائش تھی اور حادثے کے وقت بس میں 55 مسافر سوار تھے۔
حادثے کے بعد متاثرہ ٹیوب کے ذریعے ٹریفک کی آمدورفت بحال کرنے کے لیے سنگل کیریج وے کھول دیا گیا ہے۔
ایس ایس پی ٹریفک NHW رام بن راجہ عادل حمید، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر رام بن ورون جیت سنگھ چاڑک، اے سی آر رام بن شوکت حیات مٹو اور دیگر پولیس افسران موقع پر موجود ہیں اور امدادی کارروائیوں کے ساتھ ساتھ ٹریفک انتظامات کی نگرانی کر رہے ہیں۔حادثے سے متعلق مزید تفصیلات کا انتظار ہے۔