ٹیلی گرام کے ذریعے خبریں اپنے موبائل پر حاصل کرنے کے لیے کلک کریں

القمرآن لائن کے ٹیلی گرام گروپ میں شامل ہوں اور تازہ ترین اپ ڈیٹس موبائل پر حاصل کریں

اننت ناگ پولیس کی منشیات فروشوں کے خلاف کارروائی تیز، دو افراد گرفتار

اننت ناگ/جنوبی کشمیر کے ضلع اننت ناگ میں منشیات کی اسمگلنگ اور غیر قانونی کاروبار کے خلاف پولیس نے کارروائیاں تیز کرتے ہوئے دو مبینہ منشیات فروشوں کو گرفتار کرنے اور ان کے خلاف مقدمات درج کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔ پولیس کے مطابق ضلع بھر میں ناکہ چیکنگ، نگرانی اور دیگر احتیاطی اقدامات میں شدت لائی گئی ہے، جس کے دوران مختلف کارروائیوں میں مبینہ طور پر ہیروئن اور چرس برآمد کی گئی ہے۔
اننت ناگ پولیس کے مطابق منشیات کے بڑھتے ہوئے خطرے پر قابو پانے اور نوجوان نسل کو اس لعنت سے محفوظ رکھنے کے لیے ضلع بھر میں کارروائیاں جاری ہیں۔ اسی سلسلے میں پولیس اسٹیشن ڈورو کی ایک ٹیم نے فیڈر روڈ پر ناکہ چیکنگ کے دوران ایک شخص کو حراست میں لیا، جس کی شناخت عادل رحمان ولد عبد الرحمان ساکن پیٹی خاص، ویرناگ کے طور پر کی گئی ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ مذکورہ شخص کی تلاشی کے دوران تقریباً سات گرام ہیروئن برآمد ہوئی۔ اس معاملے میں متعلقہ قانونی دفعات کے تحت مقدمہ درج کرکے مزید تحقیقات شروع کردی گئی ہیں۔
اسی طرح ایک دوسری کارروائی کے دوران پولیس اسٹیشن ڈورو کی ٹیم نے قمر علاقے میں ناکہ چیکنگ کے دوران ایک اور شخص کو گرفتار کیا۔ پولیس کے مطابق اس کی شناخت اشفاق احمد بٹ ولد عبدالسلام بٹ ساکن کپرن کے طور پر ہوئی ہے۔ تلاشی کے دوران مبینہ طور پر اس کے قبضے سے تقریباً آٹھ گرام ہیروئن برآمد کی گئی۔ اس سلسلے میں پولیس اسٹیشن ڈورو میں ایف آئی آر نمبر 155/2026 درج کرکے معاملے کی مزید تحقیقات جاری رکھی گئی ہیں۔
پولیس کا کہنا ہے کہ منشیات کی غیر قانونی خرید و فروخت اور اس کی ترسیل میں ملوث عناصر کے خلاف کارروائیاں مسلسل جاری رہیں گی۔ اس مقصد کے لیے مختلف علاقوں میں ناکہ بندی، مشتبہ نقل و حرکت پر نظر اور دیگر انسدادی اقدامات کیے جارہے ہیں۔اننت ناگ پولیس نے ایک مرتبہ پھر منشیات کے خلاف اپنی مہم جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ نوجوان نسل اور معاشرے کو منشیات کے مضر اثرات سے بچانے کے لیے قانون کے مطابق سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

 

وٹس ایپ کے ذریعے خبریں اپنے موبائل پر حاصل کرنے کے لیے کلک کریں

تمام خبریں اپنے ای میل میں حاصل کرنے کے لیے اپنا ای میل لکھیے

اپنا تبصرہ بھیجیں