کیلیفورنیا: واٹس ایپ نے پرانے اینڈرائڈ اور آئی او ایس اسمارٹ فونز پر سروس بلاک کرنے کا فیصلہ کرلیا۔
تفصیلات کے مطابق میٹا کی زیرِ ملکیت دنیا کی مقبول ترین میسجنگ ایپ ‘واٹس ایپ’ پرانے اینڈرائڈ (Android) اور آئی او ایس (iOS) آپریٹنگ سسٹمز پر چلنے والے اسمارٹ فونز پر اپنی سروسز بند کرنے کی تیاری کر رہی ہے۔
جس کے بعد ان پرانے ڈیوائسز کے حامل صارفین واٹس ایپ پر لاگ ان نہیں کر سکیں گے۔
رپورٹس میں بتایا گیا کہ یہ نیا سیکیورٹی فیچر ایک ‘سرور سائیڈ اپ ڈیٹ’ کے ذریعے ٹیسٹ کیا جا رہا ہے، جس کا مطلب ہے کہ اس پابندی کا اطلاق واٹس ایپ کے کسی خاص ورژن کو اپ ڈیٹ کیے بغیر بھی براہِ راست ہو سکتا ہے۔
غیر فعال یا پرانے آپریٹنگ سسٹمز استعمال کرنے والے صارفین کو واٹس ایپ کی جانب سے انتباہی (Warning) نوٹیفکیشنز بھیجنا شروع کیے جائیں گے۔ یہ انتباہ واٹس ایپ کے ورژن کے بجائے براہِ راست موبائل فون کے آپریٹنگ سسٹم سے متعلق ہو گا۔
اس سیکیورٹی سسٹم کے لاگو ہونے پر غیر فعال یا پرانے آپریٹنگ سسٹم کے حامل فونز پر ایک نیا ‘وارننگ اسکرین’ نمودار ہو گا، جو صارف کو آگاہ کرے گا کہ واٹس ایپ میں دوبارہ لاگ ان کرنے کے لیے فون کا آپریٹنگ سسٹم اپ ڈیٹ کرنا لازمی ہے۔
رپورٹ کے مطابق صارفین اس وارننگ کو نظر انداز کر کے ایپ کا استعمال جاری نہیں رکھ سکیں گے، جیسے ہی یہ پابندی مکمل طور پر نافذ ہو گی، صارفین کو واٹس ایپ استعمال کرنے کے لیے اپنے فون کا آپریٹنگ سسٹم اپ ڈیٹ کرنا پڑے گا۔
اگر کسی ڈیوائس کے لیے آپریٹنگ سسٹم کی نئی اپ ڈیٹ دستیاب نہ ہوئی، تو صارف کو نیا اسمارٹ فون خریدنا ہو گا۔
کون سے سسٹمز متاثر ہوں گے؟
اگرچہ واٹس ایپ نے ابھی تک ان تمام آپریٹنگ سسٹمز کی حتمی فہرست جاری نہیں کی جن پر لاگ ان کی پابندی عائد کی جائے گی، تاہم یہ واضح ہے کہ یہ اقدام انتہائی پرانے اینڈرائڈ اور آئی فون ماڈلز کو متاثر کرے گا۔
کمپنی پہلے ہی اینڈرائڈ 5.0 اور 5.1 کے لیے سپورٹ ختم کر چکی ہے، جس کے بعد اب کم از کم اینڈرائڈ 6 کی ضرورت ہوگی۔
آئی فون صارفین کے لیے واٹس ایپ استعمال کرنے کے لیے 30 نومبر 2026 سے iOS 15.5 یا اس سے نیا ورژن لازمی قرار دیا جائے گا۔
اگرچہ فی الوقت کچھ پرانے سسٹمز پر صارفین پیغام رسانی کر پا رہے ہیں، لیکن نئی پابندی کا اطلاق ہوتے ہی وہ مکمل طور پر واٹس ایپ رسائی سے محروم ہو جائیں گے۔
میٹا کی جانب سے اس لاگ ان بلاک کے حتمی نفاذ کی تاریخ کا فی الحال باضابطہ اعلان نہیں کیا گیا ہے۔