کوئی بھی ملازم اپنے سرکاری عہدے، اختیار یا اثر و رسوخ کو ذاتی یا جنسی نوعیت کے مقاصد کے لیے استعمال نہیں کرسکتا،این ایچ اے
نیشنل ہائی وے اتھارٹی میں 10 لڑکیوں نے ہراسانی کی شکایات درج کرا دیں
اسلام آباد: نیشنل ہائی وے اتھارٹی (این ایچ اے) نے خواتین انٹرنز کی جانب سے افسران اور اہلکاروں کے نامناسب رویے سے متعلق کم از کم 10 زبانی شکایات موصول ہونے کے بعد عملے کو سخت ہدایات جاری کردی ہیں۔
رپورٹ کے مطابق یہ شکایات رواں سال خواتین کو کام کی جگہ پر ہراساں کیے جانے سے تحفظ فراہم کرنے والی کمیٹی کے سامنے پیش کی گئیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ شکایت کرنے والی کسی بھی خاتون نے باضابطہ تحریری درخواست جمع نہیں کرائی، تاہم متعلقہ افسران کی مدد سے شکایات کو انفرادی طور پر نمٹایا گیا۔
کمیٹی نے اپنے سرکلر میں اس معاملے پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے ملازمین کو ہدایت کی ہے کہ وہ کام کی جگہ پر پیشہ ورانہ اصولوں، شائستگی اور نظم و ضبط کا خیال رکھیں۔ عملے کو نامناسب یا جنسی نوعیت کے تبصروں، اشاروں اور ناپسندیدہ جسمانی رابطے سے گریز کرنے کی ہدایت بھی کی گئی ہے۔
سرکلر میں کہا گیا ہے کہ دفتری فون کالز، پیغامات، ای میلز اور سماجی رابطوں کی ویب سائٹس پر ہونے والی گفتگو بھی پیشہ ورانہ اور مناسب ہونی چاہیے۔ ملازمین کو ساتھیوں، انٹرنز اور زیرِ تربیت افراد کی عزت، رازداری اور وقار کا احترام کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
این ایچ اے نے واضح کیا ہے کہ کوئی بھی ملازم اپنے سرکاری عہدے، اختیار یا اثر و رسوخ کو ذاتی یا جنسی نوعیت کے مقاصد کے لیے استعمال نہیں کرسکتا۔ شکایت کرنے والے افراد کو دھمکانے، نشانہ بنانے یا ان کے خلاف انتقامی کارروائی کرنے سے بھی منع کیا گیا ہے۔
اتھارٹی نے خبردار کیا ہے کہ کام کی جگہ پر خواتین کو ہراساں کرنے سے تحفظ کے قانون 2010، جس میں 2022 میں ترمیم کی گئی تھی، کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف تادیبی کارروائی کی جائے گی۔ متعلقہ حکام کو ان ہدایات سے اپنے ماتحت عملے کو آگاہ کرنے اور ان پر سختی سے عمل درآمد یقینی بنانے کا حکم دیا گیا ہے۔
این ایچ اے کے چیف ایگزیکٹو افسر کیپٹن (ر) اسد اللہ خان نے روزنامہ دی نیشن سے گفتگو میں معاملے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ بدسلوکی یا بدانتظامی میں ملوث ملازمین کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی، چاہے شکایات زبانی ہی کیوں نہ ہوں۔
ان کا کہنا تھا کہ اس معاملے کو کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا اور متعلقہ ہدایات جاری کردی گئی ہیں۔