گلگت بلتستان(صباح نیوز) صدرمملکت ڈاکٹر علوی نے کہا ہے کہ لاک ڈائون کے مثبت اثرات مرتب ہو رہے ہیں، حکومت اور انتظامیہ کی محنت کانتیجہ ہے کہ گلگت بلتستان میں کورونا وائرس کے216مریضوں میں سے صرف67مریض رہ گئے ہیں بقیہ تمام صحت یاب ہو چکے ہیں۔صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی ایک روزہ دورے پر گلگت پہنچے۔ گورنر گلگت بلتستان راجا جلال حسین، وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا ، وزیر اعظم کے خصوصی مشیر عثمان ڈار اور چیئر مین این ڈی ایم اے لیفٹیننٹ جنرل محمدافضل بھی ان کے ساتھ تھے ۔ گلگت ائرپورٹ پر وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان حافظ حفیظ الرحمن ، چیف سیکرٹری اور فورس کمانڈر سمیت دیگر اعلیٰ حکام نے صدر مملکت کا استقبال کیا۔صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے گلگت میں کورونا وائرس کی موجودہ صورتحال کے سلسلے میں منعقدہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے گلگت بلتستان حکومت اور انتظامیہ کی کورونا وائرس کے خلاف اقدامات پر مبار کباد پیش کی کہ حکومت اور انتظامیہ کی محنت کانتیجہ ہے کہ گلگت بلتستان میں کورونا وائرس کے216مریضوں میں سے صرف67مریض رہ گئے ہیں بقیہ تمام صحت یاب ہو چکے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ این ڈی ایم اے کی جانب سے 15 ہزار ٹیسٹنگ کٹس فراہم کی گئی ہیں اوراسپتالوں کے لیے دیگر جدید سامان بھی فراہم کیاجارہا ہے۔ صدر مملکت نے علمائے کرام اور عوام کے تعاون کو سراہتے ہوئے کہا کہ لاک ڈائون کے مثبت اثرات مرتب ہو رہے ہیں اور کورونا وائرس کے مریضوں کی تعدادبڑھنے کے جو اندازے لگائے گئے تھے اس سے تعداد بہت کم ہے۔ انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان میں یوٹیلیٹی اسٹورز کے سامان کی سپلائی کی خود مانیٹرنگ کروں گا اور متعلقہ اداروں سے یوٹیلیٹی اسٹورز کو بروقت سامان کی فراہمی یقینی بنائی جائے گی۔صدر مملکت نے کہا کہ مقدس مہینہ رمضان کی آمد آمد ہے، ماہ مقدس میں بھی سماجی فاصلے کو برقرار رکھنے کی ضرورت ہے۔
لاک ڈاؤن کے مثبت اثرات مرتب ہورہے ہیں‘ صدر عارف علوی
القمر
