English Al Qamar Urdu جون 28, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

اندرون سندھ کے 191پولیس افسران کراچی میں تعینات

القمر

نوابشاہ (رپورٹ: کاشف رضا) حکومت سندھ نے لاڑکانہ، شہید بینظیر آباد، سکھر، میرپور خاص اور حیدرآباد سے 191پولیس افسران کراچی میں تعینات کردیے، ان تمام پولیس اہلکاروں کا کراچی بھیجنے کا مقصد اندرون سندھ میں پولیس کے لیے نئی اسامیاں پیدا کرنا ہے جس کے نتیجے میں کراچی کا ڈومیسائل رکھنے والوں کے لیے پولیس میں بھرتی ہونے کے مواقع غیر معمولی طور پر محدود ہوجائیں گے۔ سابق آئی جی کلیم امام ایسے ہی اقدامات پر مزاحمت کررہے تھے جس کی وجہ سے حکومت سندھ ان سے نالاں تھی اب انکے جانے کے بعد سندھ سرکار کے لیے راستہ صاف ہے۔ اس حکم کے بعد کراچی کے مقامی پولیس افسران میں تشویش پھیل گئی۔ انہوں نے اس خدشے کا اظہار کیا ہے کہ اس اقدام کے بعد کراچی کے مقامی افسران کو اندرون سندھ تعینات کردیا جائے گا۔ خیال رہے کہ گزشتہ ماہ اندرون سندھ کے 73 پولیس انسپکٹرز کو کراچی میں تعینات کیا جاچکا ہے۔اس اقدام سے کراچی کے حقیقی شہریوں میں تشویش پائی جاتی ہے ۔ان کا کہنا ہے کہ اس طرح کے اقدامات سے تعصب کی فضا قائم ہو رہی ہے۔ لوگوں نے چیف جسٹس پاکستان جسٹس گلزار احمد سے اپیل کی ہے کہ محکمہ پولیس کے اس قدم کا نوٹس لیا جائے اور ان سے پوچھا جائے کہ یہ فیصلہ کیوں کیا گیا ہے۔ کراچی کے شہریوں کا کہنا تھا کہ جب اندرون سندھ پولیس افسران کی ضرورت ہی نہیں تھی تو انہیں بھرتی کیوں کیا گیا تھا؟ جبکہ کراچی میں پولیس اے ایس انسپکٹرز کی براہ راست بھرتیاں اس لیے ہی نہیں کی گئیں کہ یہاں ضرورت نہیں تھی۔ اگر یہاں ضرورت نہیں تھی تو اندرون سندھ کے لوگوں کو پولیس میں ملازمت دے کر انہیں کراچی میں کیوں تعینات کیا جارہا ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے