طرابلس (انٹرنیشنل ڈیسک) لیبیا میں باغی ملیشیا کمانڈر جنرل خلیفہ حفتر کے جنگجوؤں کے دارالحکومت طرابلس پر راکٹ حملے میں ایک ہی خاندان کے 4 افراد جان بحق ہو گئے۔ لیبیا کی وزارتِ صحت کے پریس سیکرٹری امین الا ہاشمی نے سرکاری سماجی میڈیا اکاؤنٹ پر اپنے پیغام میں کہا کہ حفتر ملیشیا نے جنوبی علاقے عین زارہ پر راکٹوں سے حملہ کیا، جو ایک مکان پر گرے۔ اس کے نتیجے میں افطار میں مصروف ایک خاندان کے 4 افراد اپنی جانوں سے ہاتھ دھو بیٹھے۔ دوسری جانب لیبیا کی سرکاری فوج کی جانب سے شروع کردہ کارروائی کے دوران دارالحکومت طرابلس کے جنوب مغرب میں ویٹی کن ائر بیس پر موجود ملیشیا نے ہتھیار ڈالنا شروع کردیے ہیں۔ آپریشن سے متعلق جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ ویٹی کن ائر بیس پر موجود ملیشیا کے علاقائی کمانڈر نے فوجی دستوں کے سامنے ہتھیار ڈال دیے ہیں۔ منگل کے روز فوج نے پورے علاقے کا محاصرہ کرتے ہوئے کارروائی شروع کی تھی۔ سرکاری ویب سائٹ پر جاری کردہ اعلامیے کے مطابق الواطیہ ہوائی اڈے پر جاری آپریشن کے علاوہ بھی مختلف علاقوں میں فوجی کارروائیاں جاری ہیں۔ واضح رہے کہ باغی حفتر ملیشیا اقوام متحدہ میں تسلیم شدہ وفاقی قومی حکومت کے خلاف برسرپیکار ہے۔
لیبیا: باغیوں کے حملے‘ ایک ہی خاندان کے 4 افراد شہید
القمر
