حیدر آباد (اسٹاف رپورٹر) ایچ ڈی اے ایمپلائز یونین کے صدر بہرام خان چانگ، جنرل سیکرٹری عبد القیوم بھٹی نے ایچ ڈی اے شعبہ واسا کے ورک چارج ملازمین کو 10 ماہ، ریگولر اور ریٹائرڈ ملازمین کو 8 ماہ، کلریکل، آفیسرز کو 9 مہینے سے تنخواہیں ادا نہ کرنے کیخلاف ڈائریکٹر جنرل ایچ ڈی اے کے آفس ٹھنڈی سڑک پر 21جنوری بروز جمعرات 11:00بجے دن مظاہرہ کیا جائیگا ایچ ڈی اے ایمپلائز یونین کے جنرل سیکرٹری عبد القیوم بھٹی نے کہا کہ ایچ ڈی اے شعبہ واسا کے ملازمین اپنی تنخواہوں،پنشن کی عدم ادائیگی کی وجہ سے شدید مالی مشکلات میں مبتلا ہیں اس تمام صورتحال سے ڈائریکٹر جنرل ایچ ڈی اے اور سندھ حکومت کے تمام اعلیٰ حکام کو ملازمین کی پریشانی اور مشکلات سے آگاہ کیا گیا مگر مسلسل توجہ دلانے کے باوجود ملازمین کی تنخواہوں، پنشن ادانہیں کی جا رہی جب کہ حکومت سندھ بھی اپنے ذمے ماہانہ چار کروڑ 71 لاکھ روپے ادا نہیں کررہی جس کی وجہ سے ملازمین بھوک و افلاس تنگدستی کی زندگی گزار رہے ہیں۔ اس تمام صورتحال میں ایچ ڈی اے ایمپلائز یونین نے ملازمین کے مشورہ سے احتجاجی تحریک کا آغاز کردیا ہے اس سلسلے کا دوسرا مظاہرہ ڈائریکٹر جنرل ایچ ڈی اے کے آفس پر کیا جا رہا ہے اس کے باوجود ملازمین کی تمام تنخواہیں پنشن اور دیگر واجبات ادا نہ کیے گئے تو احتجاجی تحریک کا دائرہ بڑھا دیا جائیگا جس کی تمام تر ذمے داری ایچ ڈی اے انتظامیہ اور حکومت سندھ پر عائد ہوگی۔
