حیدر آباد (اسٹاف رپورٹر) سماجی تنظیم تحریک ادب و ثقافت کے صدر عمران نور و اراکین نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ گزشتہ ہفتوں سے سوشل میڈیا پر چند عناصر کی جانب سے گورنمنٹ کالج یونیورسٹی کے حوالے سے منظم انداز میں چلائی جانے والی مہم کا مقصد نہ صرف گورنمنٹ کالج یونیورسٹی کو دوبارہ کالج بنا کر نوجوان طلبہ کو اُن کے شہر میں اعلیٰ تعلیم کے حق سے محروم کرنا ہے، بل کے ساتھ ہی حیدرآباد جو ’’ایجوکیشن سٹی‘‘ بننے کے قریب ہے کو بھی اس گھنائونی سازش کے ذریعے روکنا ہے، جس کی ہم سخت مذمت کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ عناصر جو محض اپنے ذاتی مفادات کی غرض سے شہر اور اس کی نسلوں کے مستقبل کو جہالت کی اندھیری کھائی میں دھکیلنا چاہتے ہیں، ہوش کے ناخن لیں اور یاد رکھیں کہ گورنمنٹ کالج یونیورسٹی عوامی اُمنگوں کی ترجمان ہے۔ عوام یونیورسٹی مخالفین کی ہر مذموم سازش کو اپنے اتحاد سے ناکام بنانے کے لیے تیار ہیں۔ انہوں نے سماجی، علمی و ادبی تنظیموں، قلم کاروں، شہر بھر کی معزز برادریوں بالخصوص نوجوان طلبہ سے اپیل کی کہ سوشل میڈیا پر جاری گورنمنٹ کالج یونیورسٹی اور شہر مخالف مہم پر نظر رکھتے ہوئے اس کو یکسر مسترد کردیں۔
