English Al Qamar Urdu جون 25, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

سرمایہ کاروں اور ماہرین کو اماراتی شہریت کی پیشکش

القمر

 

ابوظبی (انٹرنیشنل ڈیسک) متحدہ عرب امارات کے نائب صدر، وزیراعظم اور حاکم دبئی شیخ محمد بن راشد لمکتوم نے شہریت اور پاسپورٹ سے متعلق قوانین میں ترامیم کی منظوری کا اعلان کردیا۔ انہوں نے ہفتے کے روز ایک ٹوئٹ میں بتایا کہ صدر مملکت کی ہدایات پر قانونی ترامیم منظور کرلی گئی ہیں۔ نئی ترامیم کی رو سے سرمایہ کاروں اور اعلیٰ صلاحیتوں کے مالک سائنس دانوں، ڈاکٹروں، انجینئروں، فن کاروں اور دانش وروں کو ان کے اہل خانہ سمیت اماراتی شہریت اور پاسپورٹ دیا جا سکے گا۔ اس کا مقصد ہمارے ترقی کے سفر میں بھرپور انداز سے شریک ذہنوں کو یہاں باقی رکھنا اور نئے ذہنوں کو راغب کرنا ہے۔ انہوں کے مطابق اماراتی شہریت کے حصول کے اہل افراد کی نامزدگی کابینہ، مقامی سرکاری دفاتر اور انتظامی کونسلوں کے ذریعے عمل میں آئے گی۔ حاکم دبئی نے مزید کہا کہ ہر طبقے کے لیے واضح معیارات وضع کیے گئے ہیں۔ قانون کے مطابق اہل افراد کو اپنی دیگر شہریت برقرار رکھنے کی اجازت ہو گی۔ متحدہ عرب امارات کے نائب صدر کے ٹوئٹ کے ردعمل میں بہت سے لوگوں نے اس فیصلے کا خیر مقدم کیا ہے۔ کچھ لوگ تو صرف یہ لکھ کر ری ٹوئٹ کر رہے ہیں کہ میں اماراتی شہریت کے لیے فوراً درخواست دینے والا ہوں۔ ایک ٹوئٹر صارف نے لکھا کہ یہ بہترین خبر ہے۔ ہنرمند افراد کو اپنی طرف متوجہ کرنے اور جگہ دینے سے معیشت کو فائدہ ہوتا ہے۔ سوشل میڈیا پر بعض افراد کے مطابق یہ فیصلہ گیم چینجر ہوسکتا ہے۔

 

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے