

واشنگٹن (انٹرنیشنل ڈیسک) امریکا میں شدید ترین برفانی طوفان کے باعث ملک کے 70 فیصد علاقے برف میں ڈھک گئے۔ شدید سرد موسم میں برف باری اور طوفان کے سبب کئی علاقوں میں بجلی کی فراہمی معطل ہوئی جب کہ درجنوں پروازوں کا شیڈول بھی متاثر ہوا ہے۔ خبر رساں اداروں کے مطابق مختلف حادثات میں 26 افراد ہلاک ہوگئے۔ محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ امریکا میں تاریخی برف باری کی وجہ سے درجہ حرارت میں ریکارڈ کمی آئی ہے اور زیادہ تر علاقے برف کی کئی انچ موٹی تہ جمنے کی وجہ سے پھنس کر رہ گئے ہیں۔ اوکلاہاما شہرمیں 100 سال کا سرد ترین موسم آگیا ہے۔ اُدھر ٹیکساس میں بدترین برفانی طوفان سے گرڈ سسٹم کو شدید نقصان پہنچا ہے، جس سے لاکھوں صارفین بجلی سے محروم ہیں۔ شدید سردی کی زد میں مواصلات کا نظام مفلوج ہوچکا ہے اور کئی روز سے انٹرنیٹ فراہم کرنے والی کمپنیوں کا نظام خراب ہے۔ ڈیلس میں 16 فروری کو درجہ حرارت منفی 2 کے مطابق 70 سال کا سرد ترین دن ریکارڈ کیا گیا۔ حکام نے مزید برف باری کی پیش گوئی کرتے ہوئے اہم شاہراہوں پر سفر کرنے والوں کو محتاط رہنے کی ہدایت کی ہے جب کہ شہریوں سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ بلاکسی انتہائی ضرورت کے گھروں سے باہر نہ نکلیں۔ مختلف ریاستوں میں شدید سرد موسم کے پیش نظر طبی حکام نے ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ظاہر کیا ہے۔
