کراچی (اسٹاف رپورٹر) بلوچستان کے سابق وزیراعلی جام کمال خان نے وزارت اعلیٰ سے مستعفی ہونے کے بعد کراچی میں ڈیرے ڈال لیے ہیں اور سیاسی ملاقاتوں کا سلسلہ شروع کردیا ہے، سابق وزیراعلیٰ بلوچستان سے کراچی میں بلوچستان عوامی پارٹی کے سینئر رہنماؤں معروف بزرگ شخصیت پیر گل شاہ جیلانی، پیر فرید شاہ جیلانی، پیر اسد شاہ جیلانی اور نواز علی شاہوک نے ملاقات کی اور ضلع لسبیلہ کی سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔ سابق وزیراعلیٰ بلوچستان نے اپنی رہائشگاہ پر مختلف وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عوامی خدمت کیلیے اقتدار نہیں جذبے کی ضرورت ہے، اقتدار رہے یا نہ رہے لیکن ضلع لسبیلہ کے عوام کی خدمت کا سلسلہ جاری رکھیں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ 3 سالہ دور اقتدار میں پورے بلوچستان سمیت ضلع لسبیلہ کے عوام کی نیک نیتی سے خدمت کی ہے اور اب بھی اپنی عوام کو تنہا نہیں چھوڑیں گے۔
