English Al Qamar Urdu جون 29, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

حکومت کٰیخلاف انتہائی قدم کیا ہونا چاہیے ؟ مریم نواز نے عوام سے رائے مانگ لی

القمر

اسلا م آباد/ لاہور (صباح نیوز/ آن لائن) مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز نے موجودہ حالات میں حکومت کے خلاف رائے مانگتے ہو ئے کہا ہے کہ پی ڈی ایم اور مسلم لیگ ن عوام کے احساسات کی ترجمانی اور ان کی تکالیف کا مداوا کرنا چاہتی ہے اور عوام کی آواز بننا چاہتی ہیں۔ ٹوئٹر پر اپنے سلسلہ وار بیان میں انہوں نے لکھا کہ نااہل حکمران کا مسلط کردہ مہنگائی کا شدید عذاب فاقہ کشی سے تنگ آئے لوگوں کے لیے خودکشی کا باعث بن رہا ہے‘ ہر شعبے میں خطے کا سب سے پسماندہ ملک بنا دینے کے بعد بھی اوپر سے نیچے تک جھوٹ کا کاروبار جاری ہے‘ جب حکمران کا دل عوام کی ہمدردی اور آنکھ حیا سے عاری ہو جائے ۔ مریم نواز کا کہنا تھا کہ آدھی سے زیادہ آبادی غربت کے گڑھے میں داخل کر دینے کے بعد بھی گز بھر کی لمبی زبانیں انہی کی نکل سکتی ہیں جو غریب کا درد نہیں جانتے۔ ذرا پوچھو لوگوں سے کہ وہ 2017ء والا نواز شریف کا پاکستان چاہتے ہیں یا تمہارا
غربت، مہنگائی، بے روزگاری، بدامنی، دہشت گردی اور فاقہ کشی والا پاکستان؟ آخر میں مسلم لیگ ن کی نائب صدر نے عوام سے پوچھا کہ آپ کے خیال میں اس سلسلے میں ہمارا سب سے موثر اور انتہائی اقدام کیا ہونا چاہیے۔ مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب نے ڈسکہ الیکشن کی تحقیقاتی رپورٹ پر الیکشن کمیشن سے وزیراعظم عمران خان اور وزیر اعلیٰ پنجاب کے خلاف کارروائی کرنے کا مطالبہ کیا ہے ۔ اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ عمران صاحب اور وزیر اعلیٰ پنجاب سمیت وفاقی اور صوبائی ذمے داران کے خلاف کارروائی کی جائے۔ ماڈل ٹاون میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ن لیگی رہنما سعد رفیق نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت کے بس کی بات نہیں ہے کہ مزید حکمرانی کرسکے اس لیے نئے مینڈیٹ کا حصول ناگزیر ہوچکا ہے‘ ڈسکہ کے ضمنی انتخابات کے بعد مزید وضاحت کی ضرورت نہیں ہے کیونکہ اس سے ثابت ہوگیا کہ یہ ووٹ چور حکمران ہیں‘ نیب ترمیمی آرڈیننس سے ثابت ہوگیا کہ یہ تو ساری دال ہی کالی نکلی ہے۔ سعد رفیق نے مہنگائی کو کنٹرول کرنے میں حکومت کی ناکامی سے متعلق کہا کہ ہم بھرپور انداز میں احتجاج کریں گے‘ ضروری اشیا کی قیمتیں کم رکھنا اور اس میں توازن برقرار رکھنا حکومت کی ذمے داری ہے‘حکومتی صفوں میں شامل سمجھدار لوگ عمران خان کو نئے انتخابات پر آمادہ کریں‘ نظام ریاست چلانا موجودہ حکومت کے بس کی بات نہیں ہے۔ سابق اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق نے کہا کہ وزیر اعظم کہا کرتے تھے کہ مہنگائی ہوتی تو حکمران چور ہوتے ہیں، اب عمران خان کے دور اقتدار میں مہنگائی اپنے عروج پر ہے اس لیے حکومت چور، ڈاکو کی سطح سے اوپر نکل گئی ہے۔

 

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے