دبئی: قومی کرکٹ ٹیم کے فاسٹ بالر حارث رؤف اور آسٹریلین آل راؤنڈر گلین میکسویل نے اپنی جرسیاں ایک دوسرے کو گفٹ کردی ہیں۔
پاکستان اور آسٹریلیا کے سیمی فائنل کے بعد حارث رؤف اور میکسویل کی ایک تصویر وائرل ہورہی ہے، جس میں دونوں کھلاڑی اپنی جرسیاں ایک دوسرے کو گفٹ کررہے ہیں، یہ تصویر آسٹریلین کرکٹر گلین میکسویل نے اپنے انسٹاگرام پر شیئر کی۔
گلین میکسویل نے تصویر کے کیپشن میں لکھا کہ مجھے اس نوجوان پر فخر ہے جو یہاں تک پہنچا ہے، حارث نے پاکستان ٹیم اور میلبرن اسٹار کے لیے غیر معمولی کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے۔
اُنہوں نے کہا کہ حارث روف اچھے انسان ہونے کے ساتھ بہترین ٹیم میٹ اور دوست بھی ہیں، حارث کو بحیثیت دوست خزانہ سمجھتا ہوں، گلین میکسویل نے فاسٹ بولر حارث رؤف کو سپر اسٹار قرار دیا۔
خیال رہے کہ قومی ٹیم کے فاسٹ بالر حارث رؤف آسٹریلیاکی ٹی ٹوئنٹی لیگ بگ بیش میں میلبورن اسٹارز کی نمائندگی کرچکے ہیں، اور گلین میکسویل میلبورن اسٹارز کی قیادت کرتے ہیں، یہی وجہ ہے کہ دونوں کھلاڑی ایک دوسرے کو اچھے سے جانتے ہیں اور ان کی اچھی دوستی ہے۔

