اسلام آباد(اے پی پی+آن لائن+صباح نیوز)وزیر اعظم عمران خان نے افغانستان کے لیے انسانی ہمدردی کی بنیاد پر پاکستان کی طرف سے5ارب روپے کے امدادی پیکج ، افغانستان سے پاکستان کے لیے اہم درآمدات پر سیلز ٹیکس میں کمی کی منظوری دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کی سرحدوں سے داخل ہونے والے تمام افغان باشندوں کی مفت کوویڈ19ویکسی نیشن جاری رہے گی، پشاور سے جلال آباد بس سروس بحال کی جائے، دنیا افغانستان کی ہنگامی صورتحال کا نوٹس لے اور انسانی ہمدردی کی بنیاد پر ہر ممکن مدد کرے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز افغانستان کے لیے خصوصی طور پر قائم بین الوزارتی رابطہ سیل کے دورہ اور افغانستان کے لیے قائم ایپکس کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کی۔اجلاس میں وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی، مشیر خزانہ شوکت ترین، آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ،مشیر قومی سلامتی ڈاکٹر معید یوسف اور اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔ مشیر قومی سلامتی نے ایپکس کمیٹی کو افغانستان کی صورتحال پر تفصیلی بریفنگ دی ۔اجلاس میں انسانی ہمدردی اور ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے افغانستان کے لیے5ارب روپے کے امدادی پیکج کی منظوری دی گئی ۔ امدادی اشیا میں 50 ہزار میٹرک ٹن گندم، ادویات و میڈیکل سامان اور سردیوں کے لیے سامان شامل ہے۔اس کے علاوہ افغانستان سے پاکستان اہم درآمدات پر سیلز ٹیکس میں کمی کی اصولی منظوری بھی دی گئی۔علاوہ ازیںوزیراعظم عمران خان نے ترجمانوں کو ن لیگ کی ماضی کی تاریخ اجاگر کرنے کی ہدایت کر تے ہوئے کہاہے کہ عوام کو بتایا جائے کہ شریف فیملی کیسے ججز پر حملے کرتی رہی ہے ، یہ مافیا ہے جو اپنے مرضی کے فیصلے لینے کے لیے ججز پر دبائو ڈالتا ہے ،ان کے ایسے ہتھکنڈے اب ملک میں نہیں چلیں گے ،حکومت اداروں کا احترام کرتی اور ان کے سا تھ کھڑی ہے، آئندہ الیکشن بہر صورت ای وی ایم پر ہی کرائیں گے۔وزیر اعظم کی زیر صدارت ترجمانوں کے اجلاس کی اندرونی کہانی کے مطابق اجلاس میں سابق چیف جسٹس ثاقب نثار کی مبینہ آڈیو لیک معاملے پر بحث کی گئی۔ اوورسیز کو ووٹ ڈالنے میں تمام رکاوٹیں دور کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ اوورسیز کے ووٹ میں جو جو رکاوٹیں ہیں دور کی جائیں۔ اجلاس میں مہنگائی پر بھی بات چیت گئی ۔ وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ مہنگائی گلوبل ایشو ہے، حکومت عوام کو ریلیف کیلیے اقدامات اٹھا رہی ہے، عوام کو دنیا بھر میں مہنگائی سے متعلق اعدادوشمار پر اعتماد میں لیں۔

