مقبوضہ بیت المقدس (انٹرنیشنل ڈیسک) فلسطینی صحافیوں کی حمایت کرنے والی کمیٹی نے کہا ہے کہ اس نے گذشتہ ماہ نومبر میں فلسطین میں میڈیا کی آزادیوں اور صحافیوں کے خلاف 86 سے زیادہ خلاف ورزیوں کی نشاندہی کی ہے۔ ان میں 73 اسرائیلی خلاف ورزیاں ، جب کہ فلسطینی سیکورٹی اداروں کے ہاتھوں صحافیوں اور آزادی صحافت کے خلاف 13 خلاف ورزیاں کی گئیں۔ فلسطین میں آزادی صحافت کے حوالے سے کمیٹی کی ماہانہ رپورٹ کے مطابق قابض فوج نے 30 صحافیوں اور میڈیا سے متعلق ملازمین پر حملے کیے۔ رپورٹ کے مطابق فلسطینی صحافیوں کو مختلف صورتون میں نشانہ بنایاگیا۔ ان میں دھاتی گولیوں کا استعمال، زہریلی گیس کے بموں سے حملے، صوتی بم، سرخ مرچ اورگیس کا استعمال، گھسیٹنا، لاٹھیوں اور رائفل کے بٹوں سے مارنا، اور بدسلوکی جیسے حربے شامل ہیں۔ رپورٹ میں بتایا گیا کہ قابض حکام نے 8سے زائد صحافیوں کو گرفتارکیا۔ ان میں اکثر کو طلبی کے نوٹس جاری کرنے کے بعد حراست میں لیا گیا۔قابض فورسز اور آباد کاروں نے صحافیوں کو اپنے فرائض کی انجام دہی سے روکا۔ صحافیوں کی کوریج میں رکاوٹیں ڈالنے اور روکنے کے 24 سے زائد واقعات درج کیے گئے۔دوسری جانب ارجنٹائن میں قائم فلسطینی سفارت خانے کے باہر سیکڑوں مقامی شہریوں نے فلسطینی قوم کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لیے علامتی طورپر فلسطینی شہریت کی درخواست دے دی۔ یہ اقدام فلسطینی قوم کے ساتھ اظہار یکجہتی کے طورپر کیا گیا ہے۔ یہ پیش رفت ارجنٹائن کے انسانی حقوق گروپ اور فلسطینی سفارت خانے کے تعاون سے کی گئی ۔
