نیو یارک ( آن لائن) اقوام متحدہ میں پاکستان کے سفیر منیر اکرم نے کہا ہے ماضی میں امریکا سے تعلقات میں جو گہرائی تھی شایداب نہیں ہے مگر امریکا سے تعلقات اچھے رکھنے ہیں جبکہ چین نے ہمیں امریکا سے برے تعلقات رکھنے کے لیے نہیں کہا۔ اقوام متحدہ میں پاکستان
کے سفیر اور جی 77 گروپ کے نو منتخب صدر منیر اکرم نے پاکستان کے نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کو جی77 گروپ میں شامل ممالک کی حمایت حاصل تھی، پاکستان نے ہرموقع پرلیڈر شپ دکھائی ہے جس کی وجہ سے یہ گروپ مؤثر رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ کورونا سمیت کئی بحران ہمارے سامنے ہیں، ہمیں ترقی پذیر ممالک میں ویکسین کی فراہمی یقینی بنانا ہے، شفاف اور غیر جانبدار ہوکرکام کریں گے۔ مسئلہ کشمیر پر بات کرتے ہوئے منیر اکرم کا کہنا تھا کہ کشمیر کا مسئلہ 70 سال پرانا ہے، ہم نے 50 سال تک مسئلہ کشمیر کو سلامتی کونسل میں نہیں اٹھایا تھا، پاکستان نے کھل کر کشمیرکے موقف کی حمایت کی ہے، ہم نے سلامتی کونسل میں 3 بار مسئلہ کشمیر کو اٹھایا، اس مسئلے پر بہت سے ممالک نے حمایت کی۔پاکستانی سفیر کا کہنا تھا کہ چین کے ساتھ بہت قریبی تعلقات ہیں اور امریکا کے ساتھ ہمارے تعلقا ت برے نہیں ہیں، ماضی میں امریکا سے تعلقات میں جو گہرائی تھی شایداب نہیں ہے مگر امریکا سے تعلقات اچھے رکھنے ہیں۔
