کراچی : امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن کا کہنا ہے کہ جمعیت وقت کے طاغوت کے خلاف متحد ہونے کا حوصلہ پیدا کرتی ہے، جماعت اسلامی طلبہ یونین کو بحال کروانے کی جدوجہد کرے گی۔
اسلام جمعیت طلبہ پاکستان کے 75ویں یوم تاسیس کے موقع پر طلبہ کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ اللہ کا شکر ہے کہ اس نے اسلامی جمعیت طلبہ سے وابستہ کیا۔تعلیم کے ساتھ ساتھ تربیت بھی کرتی ہے، حالات جیسے بھی ہوں جمعیت نے اپنی سرگرمیاں کبھی معطل نہیں کیں، جمعیت کی پوری تاریخ شہادت، قربانی اور جدوجہد سے مزین ہے۔
انہوں نے کہا کہ یہ مملکت اسلام کے نام پر وجود میں آئی لیکن بد قسمتی سے پاکستان بننے کے بعد ملک کا پورا نظام انگریزوں کے ذریعے مطابق چلایا گیا اوراسی انگریز کی غلامی کی وجہ سے ہی ہم سے ہمارا مشرقی بازو الگ ہوا۔ ہمارے آباؤاجداد نے کلمہ کی بنیاد پر مکتی باہنی سے لڑکر اپنی جانیں پیش کیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ افغانستان میں مجاہدین نے امریکا کو شکست دی، ہم افغانستان کے جہاد کی حمایت کرتے ہیں جو روس اور امریکا کے خلاف کیا گیا، آدھا کشمیر بھی جہاد کے ذریعے سے حاصل کیا گیاتھا اور مقبوضہ کشمیر بھی جہاد کرکے ہی حاصل کیا جا سکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ قومیت، عصبیت اور لسانیت کی سیاست کرنے والے آج نہیں رہے لیکن الحمدللہ آج جماعت اسلامی موجود ہے۔

