اسلام آباد(صباح نیوز)حکومت نے سینئر صحافی محسن بیگ کے گھر پر ایف آئی اے کے چھاپے کو غیر قانونی قرار دینے والے ایڈیشنل سیشن جج کیخلاف ریفرنس دائر کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔اس سلسلے میںوزیراعظم عمران خان سے ایڈووکیٹ جنرل اسلام آباد نیاز اللہ نیازی نے ملاقات کی اور محسن بیگ کی گرفتاری پر بریفنگ دی۔ایڈووکیٹ جنرل اسلام آباد نیاز اللہ نیازی نے نور مقدم کیس اور اسامہ ستی کیس سے متعلق بھی بریفنگ دی گئی۔ایڈووکیٹ جنرل اسلام آباد نیاز اللہ نیازی کی وزیراعظم سے ملاقات کے وقت اٹارنی جنرل بھی موجود تھے۔ملاقات میں نیاز اللہ نیازی نے کہاکہ جب ہم نے محسن بیگ کو پیش کردیا تھا تو عدالت کا آبزرویشن دینا قانونی طور پر نہیں تھا، محسن بیگ کی پیشی پر جمعہ کو خود عدالت میں موجود ہوں گا۔ اس موقع پر وزیراعظم کا کہنا تھاکہ کوئی قانون سے بالاتر نہیں، ہمارے خلاف منفی پروپیگنڈا کیا جا رہا ہے، حکومت کے اچھے کاموں کو بھی غلط پیش کررہے ہیں۔بعد ازاں نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے ایڈووکیٹ جنرل اسلام آباد نے کہا کہ چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ سے ایڈیشنل سیشن جج کے خلاف کارروائی کی درخواست کریں گے، جج کے ریمارکس متعصبانہ ہیں جو ان کا مینڈیٹ نہیں تھا،چیف جسٹس کو انتظامی سطح پر بھیجی جانے والی شکایت جج کیخلاف ریفرنس ہوگی۔
