کراچی/اسلام آباد (اسٹاف رپورٹر+آن لائن)کراچی کے علاقے نارتھ ناظم آباد میں اسٹریٹ کرائم کے دوران گاڑی پر فائرنگ کے نتیجے میں سینئر صحافی اطہر متین جاں بحق ہوگئے۔اطہر متین بطور سینئر پروڈیوسر نجی ٹی وی سماء نیوز سے وابستہ تھے۔قتل کا واقعہ کے ڈی اے چورنگی اور پہاڑ گنج کے درمیان پیش آیا۔کار پر سوار اطہر متین اپنی بیٹوں کو اسکول چھوڑنے کے بعد گھر جارہے تھے،رہزنوں نے ان کی گاڑی پر فائرنگ کی ،ملزمان اپنی موٹر سائیکل چھوڑکر فرا رہوئے ،قتل کی تحقیقات کے لیے ڈی آئی جی ویسٹ کی سربراہی میں ٹیم تشکیل دے دی گئی، مقتول کے بھائی صحافی طارق متین نے قتل کا ذمے دارقانون نافذ کرنے والے اداروں کو قراردیتے ہوئے انصاف کا مطالبہ کیا ہے ۔پولیس کا کہنا ہے کہ کے ڈی اے چورنگی کے قریب مسلح ملزمان ایک شہری کے ساتھ لوٹ مارکررہے تھے کہ اطہر متین نے ملزمان کی موٹر سائیکل کو اپنی گاڑی سے ٹکر ماری جس سے ملزمان گر پڑے بعد میں ایک ملزم نے ان پر گولی چلادی جو جان لیوا ثابت ہوئیجبکہ ملزمان نے اپنی موٹر سائیکل وہیں چھوڑ دی اور قریب سے ایک موٹرسائیکل چھینی اور نصرت بھٹو کالونی کی طرف فرار ہوگئے ۔اْدھر واقعہ کے عینی شاہد نے بتایا کہ اطہر متین کی گاڑی کی ٹکر لگنے کے بعد حملہ آور گر گئے اور ان کی موٹرسائیکل خراب ہوگئی،اس دوران وہ پیدل فرار ہونے لگے۔ وہاں موجود افراد نے فائرنگ کی آوازسن کر ان پر پتھر بھی برسائے تاہم وہ انہیں نہ لگے ،حملہ آور ایک اور شہری کی موٹرسائیکل چھین کر پہاڑگنج کی جانب فرار ہوگئے ایک اور عینی شاہد رکشہ ڈرائیورکا کہنا ہے کہ مسلح افراد کسی شہری سے موٹر سائیکل چھین رہے تھے، 2گاڑیوں نے ڈکیتی روکنے کی کوشش کی اور ملزمان کو گاڑی سے ہٹ کیا، اس دوران اطہر متین کی گاڑی پھنس گئی جس پر ملزمان نے گاڑی پر فائرنگ کی۔ نارتھ ناظم آباد پولیس نے جائے وقوعہ سے شواہد جمع کرنے شروع کردیے، پولیس کو جائے وقوعہ سے 30 بور پستول کی گولی کا ایک خول ملا جو فزانزک معائنے کے لیے لیب روانہ کردیا گیا۔ جائے وقوعہ پر پہنچنے والے ایس ایس پی سینٹرل معروف عثمان کے مطابق جس شہری سے موٹر سائیکل چھینی گئی اس کا بیان لے لیا ہے، جس شہری سے ڈاکو لوٹ مار کر رہے تھے وہ نہیں ملا۔واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی سامنے آگئی جس میں دیکھا جاسکتا ہے کہ ایک ملزم نے ہیلمٹ اور دوسرے نے کیپ لگائی ہوئی ہے جبکہ ایک ملزم موٹرسائیکل کو پیدل لے کر بھاگ رہا ہے۔ادھر وزیراعظم عمران خان نے اطہر متین کے قتل کی شدید مذمت کرتے ہوئے ملزمان کو کیفر کردار تک پہنچانے کے لیے ہر ممکن کوشش کی ہدایت کردی ۔وزیراعظم نے کہاکہ سوگوار خاندان کے دکھ میں برابر کے شریک ہیں۔ وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے ایڈیشنل آئی جی کراچی سے فوری رپورٹ طلب کرلی۔گورنر سندھ عمران اسماعیل نے ایڈیشنل آئی جی کراچی کو ملزمان کی گرفتاری کے لیے فوری کارروائی کی ہدایت کرتے ہوئیکہا ہے کہ پولیس شہریوں کی جان، مال اور عزت کے تحفظ کو یقینی بنائے، سندھ حکومت لاقانونیت کے خاتمہ کے لیے عملی اقدامات کرے۔ چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول زرداری نے بھی کراچی میں اطہر متین کے قتل کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہاطہر متین کا بہیمانہ قتل باعثِ صدمہ ہے، امید ہے ملزمان جلد قانون کی گرفت میں ہوں گے، حکومت سندھ کسی کو بھی کراچی کا امن امان خراب کرنے نہیں دیے گی، حکومت صحافیوں سمیت ہر شہری کے تحفظ کو یقینی بنائے۔
