کراچی (اسٹاف رپورٹر) وزیر اطلاعات و محنت سندھ سعید غنی نے کہا ہے کہ سیاسی مخالفین کی تذلیل جتنی پی ٹی آئی نے کی ہے‘ اس ملک کی تاریخ میں کسی نے نہیں کی‘ اصل مسئلہ ریحام خان کی کتاب ہے‘ عمران خان صرف مراد سعید کی عزت پچانے کے لیے پوری ملک کی زباں بندی کرنا چاہ رہا ہے‘ عمران خان جو کسی کے جنازے یا عیادت پر نہیں جاتے ‘عمران خان نعیم الحق کے جنازے میں نہیں آئے، کراچی میں ان کے گھر تعزیت کے لیے بھی نہیں گئے‘ وہ اگر چودھری شجاعت کی40 منٹ تک عیادت کریں‘ جہانگیر ترین سے فون پر عیادت کریں اور کراچی آکر ایم کیو ایم یا جی ڈی اے کے پاس جا رہا ہے تو سمجھ جانا چاہیے کہ ’’مختاریا گل ودھ گئی‘‘ آنے والے وقت اب اپوزیشن جماعتوں کا ہے اور عمران نیازی اور ان کے وزرا بوکھلاہٹ کا شکار ہوگئے ہیں جو آدھے پاگل پن کی نشانی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اتوار کو کراچی میں اپنے کیمپ آفس میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔ سعید غنی نے کہا کہ سب سے پہلے میں پشاور میں ہونے والے دہشت گردی کے واقعے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتا ہوں‘ وفاقی اور کے پی کے کی حکومت سے مطالبہ کرتا ہوں کہ دہشت گردوں کو گرفتار کرکے قرار واقعی سزا دی جائے۔ انہوں نے کہا کہ اگر کراچی میں ایک اسٹریٹ کرائم کے واقعات پر نالائق کہتے ہیں کہ صوبائی حکومت کو گھر بھیج دو، لیکن سانحہ پشاور پر وہ خاموش ہیں۔ انہوں نے کہا کہ گھوٹکی سے شروع ہونے والے جوکر مارچ کی حیدرآباد آمد پر صورتحال یہ ہے کہ پی ٹی آئی کے لیڈروں کو بھی چند سو کا مجمع دیکھ کر خود شرم آگئی اور کسی نے خطاب نہیں کیا‘ انہوں نے کراچی میں اپنی عزت بچانے کے لیے ایم کیو ایم سے کرایے پر کارکنوں کو طلب کیا ہے لیکن مجھے امید ہے کہ ایم کیو ایم کے لیڈران بھلے مال لے لیں لیکنان کے کارکنان جو اب خود ایم کیو ایم کے جلسے اور ریلیوں میں نہیں جاتے یہاں بھی نہیں آئیں گے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کافی عرصے سے دہشت گردی کا شکار رہا ہے لیکن کچھ عرصے سے اس میں خاطر خواہ کمی آگئی تھی لیکن موجودہ نااہل اور سلیکٹیڈ حکمرانوں کے باعث ایک بار پھر یہ عناصر سر اٹھا رہے ہیں‘عمران خام ڈوبتی کشتی ہے کوئی اس میںسوار نہیں ہوگا ۔
