English Al Qamar Urdu جون 25, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

صدر مملکت ، وفاقی وزراء اور دیگر کی احسن رمضان کو مبارکباد

القمر

کراچی (اسٹاف رپورٹر) صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کی جانب سے احسن رمضان کو ورلڈ اسنوکر چیمپئن شپ جیتنے پر مبارکباد دی گئی ۔ اپنے جاری کردہ ٹوئٹ پیغام میں صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے احسن رمضان کو ورلڈ اسنوکر چیمپئن شپ جیتنے پر مبارکباد دیتے ہوئے لکھا کہ شاندار اعزازات آپ پاکستان کے لیے لاتے ہیں اور آپ ہمیں باعث افتخار بناتے ہیں۔ واضح رہے کہ ورلڈ اسنوکر چیمپئن شپ میں پاکستان کے کم عمر کھلاڑی احسن رمضان نے تاریخ رقم کردی ۔ 16 سالہ احسن رمضان نے دوحامیں منعقدہ انٹرنیشنل بلیئرڈز اینڈ اسنوکر فیڈریشن (آئی بی ایس ایف) ورلڈ اسنوکر چیمپئن شپ جیت لی۔احسن رمضان نے فائنل میں ایران کے عامر سرکوش کو دلچسپ مقابلے کے بعد 5-6 سے شکست دی۔وہ ورلڈ اسنوکر چیمپئن شپ جیتنے والے تیسرے کم عمر کھلاڑی ہیں۔ احسن رمضان نے سیمی فائنل میں اپنے سینئر ہم وطن اور دفاعی چیمپئن محمد آصف کو شکست دی تھی، فتح کے بعد وہ محمد آصف کے گلے لگ کر آبدیدہ ہوگئے تھے۔خیال رہے کہ پاکستان چوتھی مرتبہ ورلڈ اسنوکر چیمپئن شپ کا ٹائٹل اپنے نام کرنے میں کامیاب رہا ، اس سے قبل محمد آصف دو مرتبہ اور محمد یوسف ایک مرتبہ ورلڈ چیمپئن بن چکے ہیں۔ڈاکٹر فہمیدہ مرزا نے بھی احسن رمضان کو آئی بی ایس ایف ٹائٹل جیتنے پر مبارکباد دی ہے، پاکستان اسپورٹس بورڈ کے ڈائریکٹر جنرل کرنل (ر) محمد آصف زمان نے احسن رمضان کو دلی مبارکبا دیتے ہوئے کہا کہ آپ نے ملک اور پوری قوم کا سر فخر سے بلند کیا ہے ۔وزیراعلی پنجاب عثمان بزدار، قومی کرکٹرز جن میں ٹیسٹ کرکٹر حسن علی ، جارح مزاج بیٹر فخر زمان ، سابق کپتان محمد حفیظ ، سابق اسپنر سعید اجمل اور سابق فاسٹ بولر عمر گل نے بھی نوجوان کیوئسٹ کو ورلڈ اسنوکر چمپئن شپ جیتنے پر مبارک باد دی ہے ۔ دریں اثنا پاکستان اتھلیٹکس فیڈریشن کے صدر میجر جنرل ریٹائرڈ محمد اکرم ساہی نے احسن رمضان کو عالمی سنوکر چیمپیئن شپ میں کامیابی حاصل کرنے پر مبارکباد دیتے ہوئے امید ظاہر کی ہے کہ وہ آئندہ بھی بین الاقوامی سطح پر مزید میڈلز حاصل کریں گے۔

 

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے