بھوپال/سری نگر( مانیٹرنگ ڈیسک) بھارتی ریاست مدھیہ پردیش میں کرکٹ کی بال لگنے پر مشتعل ہندو لڑکوں نے مسلم نوجوان کو تیز دھار چاقو کے وار کر کے بیدردی سے قتل کردیا۔بھارتی میڈیا کے مطابق میچ کے دوران تیز شاٹ پر گیند روشن نامی راہگیر کو لگ گئی جس پر اس نے اپنے دوستوں شبھم، ساجن، روہت اور کانہا کے ساتھ مل کر شاٹ مارنے والے نوجوان ریحان سے بلاّ چھین کر مار پیٹ کی۔ ریحان کسی طرح ان کے چنگل سے بھاگ نکلا۔ جس پر ان لڑکوں نے ریحان کے بھائی فیضان کو پکڑ لیا۔ معاملہ مزید بگڑ گیا اور اس دوران روشن اور اس کے دوستوں نے فیضان منصوری کو پہ در پہ چاقو کے وار کرکے شدید زخمی کردیا۔ مسلم نوجوان کو شدید زخمی حالت میں نجی اسپتال منتقل کیا گیاتاہم نجی اسپتال نے جھگڑے کے باعث کیس لینے سے انکار کردیا جس پر فیضان کو سرکاری اسپتال لے جایا گیا لیکن وہ طبی امداد ملنے سے پہلے ہی کاغذی کارروائیوں کے دوران ہی دم توڑ گیا۔فیضان منصوی کی موت زیادہ خون بہہ جانے کے باعث ہوئی اگر نوجوان کو بروقت طبی امداد دے دی جاتی تو 17 سالہ نوجوان اپنی زندگی کی بازی نہ ہارتا۔پولیس نے مقدمہ درج کرکے 4 افراد کو حراست میں لے لیا جب کہ ایک فرار ہے۔دوسری جانب بھارتی فوج کی ریاستی دہشت گردی میں ایک اور کشمیری نوجوان شہید ہوگیا جس سے 4 روز میں شہید ہونے والے نوجوانوں کی تعداد 8 ہوگئی۔کشمیر میڈیا سروس کے مطابق جنت نظیر وادی کے ضلع کپواڑہ میں جارحیت پسند بھارتی فوج نے نام نہاد سرچ آپریشن کیا جس کے دوران ایک گھر پر اندھا دھند فائرنگ میں ایک نوجوان شہید ہوگیا۔قابض بھارتی فوج نے سرچ آپریشن کے دوران چادر اور چار دیواری کے تقدس کو پامال کیا اور بزرگ شہریوں کو بھی تشدد کا نشانہ بنایا جب کہ خواتین کے ساتھ بدتمیزی کی گئی اور بچوں کو ڈرایا گیا۔ جمعرات سے مقبوضہ کشمیر کے مختلف اضلاع میں بھارتی فوج نے سرچ آپریشن کے نام پر 8 کشمیری نوجوانوں کے زندگیوں کے چراغ گل کردیے ہیں۔بھارتی فوج نے انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزی کرتے ہوئے نوجوانوں کی لاشوں کو لواحقین کے حوالے کرنے سے انکار کردیا۔ والدین اپنے پیاروں کی لاشوں کے لیے دربدر کی ٹھوکریں کھانے پر مجبور ہیں۔
The post بھارت میں مسلم نوجوان بیدردری سے قتل،مقبوضہ کشمیر میں ایک اور شہید تعداد 8 ہوگئی appeared first on Daily Jasarat News.