ویب ڈیسک —
کراچی میں کھیلے جا رہے دوسرے ٹیسٹ میچ میں آسٹریلیا کے خلاف پاکستان کی بیٹنگ گر کر سنبھل گئی ہے۔ 506 رنز کے تعاقب میں امام الحق اور اظہر علی کے جلد پویلین لوٹ جانے کے بعد کپتان بابر اعظم اور عبداللہ شفیق کی ذمے دارانہ بیٹنگ جاری ہے۔
میچ کے چوتھے روز آسٹریلیا نے ایک کھلاڑی کے نقصان پر اپنی دوسری اننگز کو 81 رنز سے آگے بڑھایا۔ البتہ 23ویں اوور میں 97 کے مجموعی اسکور پر مارنس لبوشین 44 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے تو مہمان ٹیم نے اپنی دوسری اننگز ڈکلیئر کر دی۔اس وقت اوپننگ بلے باز عثمان خواجہ 44 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ تھے۔
آسٹریلیا کے اننگز ڈکلیئر کرنے کے بعد پاکستان کو جیت کے لیے 506 رنز کا ہدف ملا۔ پاکستان نے دوسری اننگز کا آغاز کیاتو ایک بار پھر اوپننگ بلے باز پہلی اننگز کی طرح اچھا آغاز فراہم کرنے میں ناکام رہے۔
چھٹے اوور میں امام الحق دو رنز کے مجموعی اسکور پر ایل بی ڈبلیو ہو کر پویلین لوٹ گئے۔ کریز پر موجود عبداللہ شفیق کا ساتھ دینے کے لیے اظہر علی میدان میں آئے لیکن وہ بھی بڑا اسکور کرنے میں کامیاب نہ ہو سکے اور صرف چھ رنز بنا کر 21 کے مجموعی اسکور پر کیمرون گرین کی بال پر ایل بی ڈبلیو آؤٹ ہو گئے۔
یاد رہے کہ آسٹریلیا نے اپنی پہلی اننگز نو کھلاڑیوں کے نقصان پر 556 پر ڈکلیئر کر دی تھی جس کے بعد میزبان ٹیم پہلی اننگز میں صرف 148 رنز بنا سکی تھی۔
پہلی اننگز میں آسٹریلیا کو پاکستان پر 408 رنز کی برتری حاصل ہوئی لیکن اس نے میزبان ٹیم کو فالوآن کرانے کے بجائے دوسری اننگز کا آغاز کیا اور 23 اوورز میں 97 رنز کا اضافہ کرکے اننگز ڈکلیئر کی۔
پاکستان اور آسٹریلیاکے درمیان تین ٹیسٹ میچز کی سیریز کا پہلا میچ راولپنڈی میں کھیلا گیاتھا جو بے نتیجہ رہا۔ کراچی میں کھیلے جا رہے دوسرے میچ میں نیشنل اسٹیڈیم کی پچ پر آسٹریلوی بیٹنگ کو دیکھتے ہوئے یہی چہ مگوئیاں ہو رہی تھیں کہ شاید یہ ٹیسٹ بھی بے نتیجہ رہے گا لیکن آسٹریلوی بالرز نے پاکستانی بلے بازوں کو پہلی اننگز میں جلد آؤٹ کر کے اسے دلچسپ بنا دیاہے۔
دونوں ٹیمیں 21 سے 25 مارچ کو لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں تیسرے میچ میں مدِمقابل ہوں گی۔
ٹیسٹ سیریز کے بعد تین میچز پر مشتمل ون ڈے سیریز راولپنڈی میں ہو گی اور واحد ٹی ٹوئنٹی میچ کی میزبانی بھی راولپنڈی کا پنڈی اسٹیڈیم کرے گا۔