کوئٹہ (صباح نیوز) حق دو تحریک کے قائد جماعت اسلامی بلوچستان کے جنرل سیکرٹری مولانا ہدایت الرحمان بلوچ نے کہا ہے کہ گوادرکے عوام، ماہی گیروں و شہریوں کے حقوق کے حصول کیلیے کسی قربانی سے دریغ نہیں کیا جائے گا، گوادر ساحل کے ثمرات عوام کو دینے کیلیے جدوجہد جاری رہے گی، ساحل پر بھتا خوری، رشوت خوری اور لوٹ مارختم کرکے ماہی گیروں کو کاروبار کا موقع فراہم کیا جائے گا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے گوادر میں جاری دھرنے سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے عوام کا ساحل و سرحدوں پر تجارت و کاروبار کا حق ہے، بدقسمتی سے لٹیرے یہ حق عوام سے چھیننا چاہتے ہیں، ’’حق دو‘‘ تحریک مظلوم عوام و نوجوانوں کی تحریک ہے، عوام، شہریوں اور نوجوانوں سے مل کر قوم کو بھتا خوروں، لٹیروں اور رشوت خورو ں سے نجات دلائیں گے، دھرنے و احتجاج میں رکاوٹ ڈالنے، جھوٹے وعدوں اور صرف اعلانات کے بجائے عوام کو ان کے جائز حقوق دیے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ گوادر کے نوجوان ، تاجر و دکاندار بالخصوص مچھیرے و اہل بلوچستان ’’حق دو‘‘ تحریک کے ساتھ ہیں، بلوچستان کے عوام کو ان تحریکوں کی کامیابی سے حق ملے گا۔ عوام کے مسائل کا حل حکمرانوں کی ذمے داری ہے، وعدہ خلافی، یوٹرن کے نام پر دھوکا دینے کی روش حکمرانوں کو زیب نہیں دیتی۔
