English Al Qamar Urdu جون 25, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

عمران خان نے اپنی ساکھ کیلئے ملکی مفادات کو دائو پر لگایا،پیپلزپارٹی

القمر

اسلام آباد (صباح نیوز) پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنماؤں شیری رحمن، فیصل کریم کنڈی اور ندیم افضل چن نے کہا ہے کہ عمران خان نے اپنی ساکھ بچانے کے لیے خارجہ پالیسی اور ملکی مفادات کو دا ؤ پر لگا دیا، نیشنل سیکورٹی کونسل کے اعلامیے میں سازش کا کوئی ذکر نہیں،پی ٹی آئی نے تقسیم کی سیاست شروع کی ہے،صرف یہ وفادار ہیں باقی سب غدار ہیں، آپ غداری کا سرٹیفکیٹ بانٹنے والے کون ہوتے ہیں، یہ ملکی سلامتی کا سودا کرنے جا رہے ہیں، آپ کو اپنی انا اور تکبر نے مروایا ہے، آخری گیند تک کھیلنے والا پچ چھوڑ کر بھاگ گیا، ڈی جی آئی ایس پی آر کی پریس بریفنگ سے سازش کا معاملہ بے نقاب ہو گیا، آپ کو سازش کے خلاف نہیں نکالا گیا ،مزید ڈرامے بازی بند کریں، پاکستان کا ایٹمی پروگرام محفوظ ہے، عمران خان پاکستان کے لیے سیکورٹی رسک بن چکے ہیں، آئین شکنی کرنے والوں کے خلاف آرٹیکل 6 لگایا جائے اور کارروائی کی جائے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیپلز سیکرٹریٹ میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ شیری رحمن نے عمران خان پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان ملک کے وزیراعظم رہے۔ جب کوئی وزیراعظم بنتا ہے تو وفاداری کا حلف اٹھاتا ہے۔ وزیراعظم کو ملکی مفادات کو ترجیح دینا ہوتی ہے۔ پی ٹی آئی نے ملکی سلامتی کو داؤ پر لگایا ہواہے،عمران خان نے اپنی ساکھ بچانے کی لیے خارجہ پالیسی کو داؤ پر لگا دیا۔ عمران خان پہلے اپوزیشن کو چور ڈاکو کہتے رہے پھر بیرونی سازش کا معاملہ بنایا لیکن نیشنل سیکورٹی کونسل کے اعلامیے میں سازش کا کوئی ذکر نہیں۔ پی ٹی آئی نے تقسیم کی سیاست شروع کی ہے،یہ کہتے ہیں کہ صرف ہم وفادار ہیں باقی سب غدار ہیں،آپ غداری کا سرٹیفکیٹ بانٹنے والے کون ہوتے ہیں،یہ ملکی سلامتی کا سودا کرنے جا رہے ہیں۔ڈی جی آئی ایس پی آر کی پریس بریفنگ سے سازش کا معاملہ بے نقاب ہو گیا۔شیری رحمن نے کہا کہ مراسلے کو اپوزیشن کے ساتھ جوڑ کر سازش کی کوشش کی گئی۔ کہا گیا اپوزیشن نے عالمی طاقتوں سے مل کر سازش کی۔ 3 ہفتے تک ٹیلی گرام کاانتظار کیوں کیا؟سب واضح ہو گیا کہ کوئی سازش نہیں ہوئی تھی۔ ابھی مزید چیزیں واضح ہوں گی۔ انہوں نے کہا کہ امریکا نے آپ سے کوئی اڈے نہیں مانگے،آپ کا بیانیہ جھوٹا ثابت ہو گیا۔پاک ایران پائپ گیس منصوبہ کس کا ہے ؟آپ کو اپنی انا اور تکبر نے مروایا ہے اسی وجہ سے آپ کو جانا پڑا۔ فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ آج کل پی ٹی آئی جھوٹا بیانیہ بیچنے کی کوشش کر رہی ہے،پیپلز پارٹی انتقامی سیاست نہیں کرتی ہے لیکن حساب ضرور لیا جائے گا،توشہ خانہ اور فارن فنڈنگ میں عمران خان کو جواب دینا پڑے گا،ہم پر باتیں کرنے والوں نے آج آزاد کشمیر میں منڈی لگائی ہوئی ہے ،ارکان کو یرغمال بنایا ہوا ہے۔ہم وزیراعظم شہباز شریف سے مطالبہ کرتے ہیں کہ آئین شکنی کرنے والوں کے خلاف آرٹیکل 6 لگایا جائے اور کارروائی کی جائے۔انہوں نے کہا کہ متحدہ اپوزیشن آزاد کشمیر اور جی بی میں بھی سیاسی صورتحال پر نظر رکھے ہوئے ہیں،رابطے جاری ہیں ان شا اللہ حکومتیں بنائیں گے۔ ندیم افضل چن نے کہا کہ آج کل امپورٹڈ کا بیانیہ چلایا جا رہا ہے،شوکت عزیز ایک امپورٹڈ وزیراعظم تھے،ان کی کابینہ کے کتنے افراد ان کے ساتھ ہیں،پی ٹی آئی اپنی مرضی کا بیانیہ چاہتی ہے، ایسا نہیں ہو سکتا،ساری جماعتیں محب وطن ہیں،پی ٹی آئی کا بیانیہ نوجوان کو گمراہ کرنے کی کو شش ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے