راولپنڈی(خبرایجنسیاں)شمالی وزیرستان کے قریب پاک افغان بارڈر پر دہشت گردوں نے فوجی قافلے پر حملہ کردیا جس کے نتیجے میں 7 جوان شہید ہوگئے۔پاک فوج کے ترجمان ادارے انٹرسروسز پبلک ریلیشنز ( آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری بیان کے مطابق فائرنگ کے تبادلے میں 4 دہشت گرد بھی مارے گئے ہیں۔آئی ایس پی آر کے مطابق شہید ہونے والوں میں حوالدار طارق یوسف (36 سال، رہائشی فیصل آباد)، سپاہی سلیمان وقاص (34 سال، رہائشی لیہ)، سپاہی جنید علی (26 سال، رہائشی لیہ)، سپاہی اعجاز حسین (27 سال، رہائشی خیرپور)، سپاہی وقار احمد (25 سال، رہائشی میرپور خاص)، سپاہی محمد جواد امیر (24 سال، رہائشی چکوال) اور سپاہی ارشد علی (23 سال، رہائشی صحبت پور) شامل ہیں۔آئی ایس پی آر کے مطابق فوجی قافلے پر حملہ شمالی وزیرستان کے علاقے ایشام میں کیا گیا، دہشت گردوں کے خاتمے کے لیے علاقے میں کلیئرنس آپریشن جاری ہے، پاک فوج دہشت گردی کی لعنت کو ختم کرنے کے لیے پرعزم ہے، ہمارے بہادر جوانوں کی ایسی قربانیاں ہمارے عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔ادھر وزیراعظم میاں محمد شہباز شریف نے پاک افغان بارڈ پر دہشت گردی کے واقعے کی شدید مذمت کی ہے ۔
