اسلام آباد(نمائندہ جسارت)وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ نے کہا ہے کہ سینٹرل جیل کے حاضری رجسٹر کا صفحہ پلٹ چکا ہے اور اب آئین شکن اور گھڑی چور جیلوں میں جائیں گے۔رانا ثنا اللہ کا کہنا تھاکہ مجرم چار سال ملک پر مسلط اور بے گناہ جیلوں میں رہے، اللہ تعالیٰ نے اپنے کرم سے بے گناہوں کو عزت دی اور سْرخرو کیا۔ان کا کہنا تھا کہ اللہ تعالیٰ نے اپنی قدرت کا نظارہ آج عوام کو دکھایا ہے، دوسروں کو رسوا کرنے کی کوشش کرنے والے خود خوار ہوگئے۔انہوں نے کہا کہ اب آئین شکن اور گھڑی چور جیلوں میں جائیں گے۔دریں اثنائوفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ خان نے کہا ہے کہ عمران خان ہو یا کوئی اور کسی کے خلاف کوئی انتقامی کارروائی نہیں ہوگی لیکن کسی پر تحقیقات کے دوران کرپشن کے الزامات ثابت ہوگئے تو پھر نہیں بچے گا چاہے وہ عمران خان ہی کیوں نہ ہو۔عمران خان کی جان کو کوئی خطرہ نہیں اس کے باوجود وزیر اعظم شہباز شریف نے انہیں فول پروف سکیورٹی فراہم کردی ہے،پاسپورٹ نواز شریف کا حق ہے جو جلد جاری کر دیا جائیگا،تین آپشنز والی بات کر کے عمران خان اپنا جھوٹا بیانیہ سچا کرنا چاہتا ہے ،بطور وزیر داخلہ اس بات کی تحقیقات کروائوں گا مجھ پر 15 کلو ہیروئن کہاں سے لا کر ڈالی گئی ۔ایوان صدر میں منگل کو حلف برداری کی تقریب کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے رانا ثناء اللہ کا کہنا تھا کہ ہم کسی کو بلا وجہ گرفتار کریں گے نہ ہی انتقامی کارروائی ہوگی ،قانونی طور پر تمام کارروائی کی جائے گی ،تحقیقات کے دوران اگر عمران خان پر بھی الزام ثابت ہوا تو انہیں بھی گرفتار کیا جائیگا ،عام آدمی ہویا عمران خان قانون سب کے لیے برابر ہے،میں یہ جاننا چاہتا ہوں کہ مجھ پر ڈالی گئی 15 کلو ہیروئن کہاں سے آئی اسلیے ان کی تحقیقات کروائوں گا ،اس وقت کے ڈی جی اے این ایف ریٹائرڈ ہو چکے ہیں ورنہ ان کے گھر جاتا اور یہ بات پوچھتا،ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ تین آپشنز عمران خان نے اسٹیبلشمنٹ کو خود دیے تھے جس کو اپوزیشن نے نہیں مانا تھا اور اس کے بعد بات ختم ہوگئی تھی ۔اب عمران خان اپنا بیانیہ بیچنے کیلیے تین آپشنز کی ذمہ داری اسٹیبلشمنٹ پر ڈال رہا ہے حالانکہ حقیقت سب کو معلوم ہے اب اس کا جھوٹا بیانیہ نہیں بک سکتا،ان کا کہنا تھا کہ رنگ روڈ راولپنڈی منصوبے میں ہائوسنگ سوسائٹی سے 30 سے50 کروڑ کی امداد لینے کی اطلاعات ہیں اس کی تحقیقات ہوں گی یہ پیسہ کس نے وصول کیا کیونکہ بعض بڑے نام سامنے آرہے ہیں ۔فرح خان سے متعلق بھی بہت سی چیزوں کی انکوائری ہوگی ان پر بھی بہت الزامات ہیں۔