لاہور:وزیرداخلہ رانا ثنا اللہ نے کہا ہے کہ گورنر پنجاب کے پاس استعفیٰ بحال کرنے کا اختیا ر نہیں ہے۔
اپنے جاری کردہ بیان میں وزیرداخلہ رانا ثنا اللہ نے کہا کہ صدر اور گورنر آئینی ذمہ داری پوری نہیں کرتے تو پھر عدالت ہی کسٹوڈین ہے، صدر مملکت نے بھی آئینی ذمہ داری پوری نہیں کی، نومنتخب وزیراعلیٰ کا حلف عدالتی حکم کے مطابق لیا جارہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہم نے ہر معاملے میں قانون اور آئین کو پیش نظر رکھا ہے، عدالت نے صدر کو پھر کہا کہ حلف کے لیے نمائندہ مقرر کریں، گورنر پنجاب کو ہٹانے کے لیے وزیراعظم نے سمری دے رکھی ہے، گورنر پنجاب آئینی طورپر وزیراعلیٰ کو بحال نہیں کرسکتے۔
واضح رہے کہ گورنر پنجاب عمر سرفراز چیمہ نے سابق وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کا استعفیٰ آئینی اعتراض لگا کر مسترد کر دیا ہے۔