English Al Qamar Urdu جون 24, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

سندھ میں پانی کی قلت شدت اختیار کر گئی ، ٹھٹھہ اور بدین میں مظاہرے و دھرنا

القمر
سکھربیراج پانی نہ ہونے کے باعث خشک ہے

کراچی /ہالا /ٹھٹھہ /بدین/سکھر( اسٹاف رپورٹر+نمائندگان جسارت ) سندھ میں پانی کی قلت شدت اختیار کرگئی، سکھر، گڈو اور کوٹری بیراجوں کو پانی کی قلت کا سامنا ،تینوں بیراجوں کو مجموعی طور پر 40 فیصد پانی کی قلت کا سامنا ہے۔ پانی کے بحران سے فصلوں کو شدید نقصان پہنچنے کا خطرہ لاحق ہوگیا ۔ ماہرین نے کراچی میں بھی پانی کا بحران سنگین ہونے کا خدشہ ظاہر کیا ہے ،ماہرین کا کہنا ہے کہ بالائی علاقوں میں بارشیں نہ ہونے کے سبب زرعی پانی کے ساتھ پینے کے پانی کا بحران جنم لے سکتا ہے۔دریں اثنا ٹھٹھہ کے بعد بدین میں بھی پانی کی عدم فراہمی کے خلاف مظاہرہ کیا گیا اور دھرنا دیا گیا۔تھرکول روڈ پر بیٹھے مظاہرین کی جانب سے نہروں میں پانی کی فراہمی تک احتجاج جاری رکھنے کا اعلان کیا گیا۔دوسری جانب وزیر اطلاعات سندھ شرجیل میمن نے وفاقی حکومت سے صوبہ سندھ کے حصے کا پانی دینے کی اپیل کر دی۔شرجیل میمن نے کہا کہ سندھ میں پانی کی قلت سے ملکی معیشت کو مزید مشکلات کا سامنا ہو گا۔انچارج کنٹرول روم سکھر بیراج نے تصدیق کی ہے کہ سکھر،گڈو اور کوٹری بیراج میں پانی کی قلت کا سامنا ہے جس کے باعث سکھراور گڈو بیراج کے کئی کینالوں کو پانی کی فراہمی متاثر ہے۔سکھر بیراج کے انچارج کنٹرول روم کے مطابق تینوں بیراجوں کو پانی کی مجموعی طور پر 40 فیصد سے زاید کمی کا سامنا ہے۔ آبپاشی حکام کا بھی کہنا ہے کہ اس وقت تینوں بیراجوں کو پانی کی کمی کا سامنا ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ بالائی علاقوں میں بارشیں نہ ہونے کے سبب زرعی پانی کے ساتھ پینے کے پانی کا بحران جنم لے سکتا ہے۔علاوہ ازیں ماہرین نے کراچی میں بھی پانی کا بحران سنگین ہونے کا خدشہ ظاہر کیا ہے ،انچارج کنٹرول روم سکھر بیراج کے مطابق سکھر اور گڈو بیراج کے کئی کینالوں کو پانی کی فراہمی متاثر ہوئی ہے، کوٹری بیراج پر پانی کم پہنچنے کی وجہ سے کراچی کے لیے کینجھر جھیل اور دیگر شاخوں کو پانی کی فراہمی خطرات سے دوچار ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ بالائی علاقوں میں بارشوں کا نیا سلسلہ شروع نہیں ہوتا تو مزید بحران پیدا ہوگا اگر پانی کی بحرانی صورتِ حال برقرار رہی تو سندھ میں فصلوں کو شدید نقصان ہو سکتا ہے۔

 

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے