نئی دہلی (انٹرنیشنل ڈیسک) بھارت میں عالمی وبا کورونا وائرس کے 3 ہزار سے زائد نئے کیس سامنے آگئے ،جب کہ 55 افراد ہلاک ہوگئے۔ بھارتی میڈیا کے مطابق وزارت صحت کی جانب سے جاری بیان میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ ملک بھر میں اب تک کورونا وائرس کے 84 کروڑ نمونوں کی جانچ کی جا چکی ہے ،جب کہ گزشتہ 24 گھنٹوں میں 4لاکھ 23ہزار 430 ٹیسٹ کیے گئے ہیں۔وزارت صحت کے اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کل 3ہزار 10 افراد صحت یاب ہوئے ہیں۔ دوسری جانب عالمی ادارہ صحت نے انکشاف کیا ہے کہ 2020 ء سے 2021 ء کے دوران بھارت میں 47 لاکھ افراد کی اموات ہوئیں۔ ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن نے اپنے جاری کردہ اعداد و شمار میں انکشاف کیا ہے کہ یکم جنوری 2020 ء سے 31 دسمبر 2021 ء میں بھارت میں 47 لاکھ افراد لقمہ اجل بنے۔ عالمی ادارہ صحت نے دعویٰ کیا ہے کہ دنیا میں اموات کی شرح ایک کروڑ 49 لاکھ رہی۔اس حوالے سے ڈبلیو ایچ او کے ڈائریکٹر جنرل ڈاکٹر ٹیڈروس کا کہنا ہے کہ پیش کردہ ڈیٹا صرف وبائی صورتحال کو واضح نہیں کرتا ، بلکہ تمام ممالک کو اپنا طبی نظام بہتر بنانے کی ترغیب دلاتا ہے۔ دوسر ی جانب سے مودی سرکار نے رپورٹ پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے اسے مسترد کردیا ہے۔ یاد رہے کہ اس سے پہلے بھی مودی سرکار نے اسی طرح کی عالمی ادارے کی رپورٹ کو مسترد کردیاتھا۔
