English Al Qamar Urdu جون 25, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

فواد چودھری کا پاکستان میں سری لنکا سے بدترین صورتحال کا عندیہ

القمر

اسلام آباد(نمائندہ جسارت)پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اور سابق وفاقی وزیر فواد چودھری کا کہنا ہے کہ 20 مئی سے پہلے الیکشن کا اعلان نہ ہوا تو سری لنکا سے بدترین صورتحال ہو سکتی ہے۔اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فواد چودھری کا کہنا تھا اس حکومت نے اوور سیز پاکستانیوں سے ووٹ کا حق چھیننے کی جرات کی، اس جرات کے لیے ایک لوٹے کو آگے کیا گیا، 90 لاکھ پاکستانیوں کو ووٹ کے حق سے محروم کرنے کی کوشش کی مذمت کرتے ہیں۔سابق وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ آج ڈالر 190 روپے پر چلا گیا ہے، پاکستان کی معیشت تباہ و برباد ہو گئی ہے، کہا جا رہا ہے کہ پاکستان کی معیشت کا حال وہ ہو گا جو سری لنکا کی معیشت کا ہوا۔ایک سوال کے جواب میں سابق وفاقی وزیر نے کہا کہ زرداری صاحب ای سی ایل سے نام نکلتے ہی دبئی چلے گئے، زرادری صاحب جاتے ہوئے بہت سے بیگ لے کر گئے، معلوم نہیں ان بیگوں میں کیا تھا۔وزیراعظم شہباز شریف اور لیگی رہنماؤں کے برطانیہ جانے سے متعلق سوال پر پی ٹی آئی رہنما کا کہنا تھا کہ ایک کرمنل نے لندن میں سب کو بلایا ہوا ہے اور اجلاس کر رہا ہے، پاکستان کو ایک سیاسی معاشی اور انتظامی بحران کا شکار کر دیا گیا ہے۔فواد چودھری نے کہا کہ اگر 20 مئی سے پہلے الیکشن کا اعلان نہیں ہوتا تو سری لنکا سے بدترین صورتحال ہو سکتی ہے۔دریں اثناء تحریک انصاف کے رہنما فواد چودھری نے قبل از وقت عام انتخابات کے حوالے سے وزیر دفاع خواجہ آصف کی بات کا خیر مقدم کیا ہے۔فواد چودھری کا کہنا ہے جلد الیکشن درست سوچ ہے، الیکشن نہیں کراتے تو تلخیاں مزید بڑھ جائیں گی۔فواد چودھری نے عمران خان کی فوج میں تقرری کی خواہش سے متعلق خواجہ آصف کے بیان کو ان کی ذاتی اختراع قرار دے دیا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے