English Al Qamar Urdu جون 25, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

پیٹرولیم مصنوعات سے متعلق دل پر پتھر رکھ کر فیصلہ کیا،وزیراعظم

القمر
لاہور: وزیراعظم شہبازشریف عدالت میں پیشی کے بعد واپس جارہے ہیں

اسلام آباد،لاہور (نمائندہ جسارت،خبر ایجنسیاں) وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ عوام مہنگائی میں پسی ہوئے ہیں،غریب خاندان رل گئے ہیں، پٹرول کی قیمت میں اضافہ دل پر پتھر رکھ کر کیا، سوا کروڑ مستحق خاندانوں کو ریلیف دینے کیلیے 28 ارب روپے مختص کیے ہیں،نواز شریف نے ایٹمی دھماکوں کے وقت 5 ارب ڈالر کی پیشکش قبول کرنے کی بجائے ملکی مفاد اور دفاع کو ترجیح دی۔ہفتہ کو میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ موجود حالات میں غریب خاندان بے چارے رل گئے ہیں،ایک وقت کی روٹی، علاج کیلیے پیسے اور نوکری نہیں ہے۔ محمد شہباز شریف نے کہا کہ پسے ہوئے لوگوں کیلیے28 ارب کے فنڈز سے پیکج کا آغاز کر رہے ہیں جس کے تحت غریب گھرانوں کو 2 ہزار روپے ماہانہ دیے جائیں گے۔وزیر اعظم نے کہا کہ ہماری اولین ترجیح معیشت کی بحالی اور عوام کو ریلیف دنیا ہے جس کیلیے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کر رہے ہیں۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ایٹمی دھماکوں کے وقت سابق وزیراعظم نواز شریف کو ہر قسم کی ترغیبات دی گئیں لیکن انہوں نے نہ تو کسی کودھمکیاں دیں نہ ہی غیر ملکی سربراہان سے تلخ لہجے میں بات کی اور امریکی صدر سے انتہائی اچھے انداز میں کہا کہ آپ 5 ارب ڈالر کی جو پیشکش کررہے ہیں اس پر آپ کا بہت شکریہ ، مجھے پاکستان کے مفادات کا تحفظ کرنا ہے۔ہم پاکستان کے دفاع پر آنچ نہیں آنے دیں گے۔ قبل ازیںوزیراعظم شہبازشریف نے پاکستان کے جوہری دھماکوں کی سلور جوبلی پر قوم کو مبارک دیتے ہوء کہا ہے کہ 28 مئی 1998 کوبلوچستان، چاغی کے پہاڑوں میں بلند ہونے والے نعرہ تکبیر کی گونج آج بھی جاری ہے ۔ دفاع پاکستان کا یہ تمغہ بلوچستان کی دھرتی کے سینے پر سجا ہے ۔ اپنے تہنیتی پیغام میں انہوں نے کہا یہ پاکستان کا اپنی آزادی، خودمختاری اور دفاع پر سمجھوتہ نہ کرنے کے واضح اظہار کا تاریخی دن ہے۔ انہوں نے کہا پاکستان کے جوہری پروگرام کے معمار شہید ذوالفقار علی بھٹو کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں ۔ انہوں نے کہا پاکستان کا سرفخر سے بلندکرنے والے عظیم محب وطن وزیراعظم نوازشریف کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں ۔ انہوں نے کہا قائد محمد نوازشریف نے ہر لالچ ، ہر دبائو مسترد کرکے پاکستان کو دنیا کی ساتویں اور اسلامی دنیا کی پہلی ایٹمی قوت بنایا۔ انہوں نے کہا ذوالفقار علی بھٹو سے وزیراعظم نوازشریف تک تمام حکومتوں اور جوہری پروگرام سے متعلق تمام ذمہ دار وں کو قوم سلام پیش کرتی ہے ۔ ہمارے سائنسدان، انجینئرز اور جوہری پروگرام کو پروان چڑھانے والا ہر فرد لائق تحسین ہے، یہ قوم کے ہیروز ہیں ۔علاوہ ازیںوزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ ہمیں پاکستان کو ایک ایسے ملک میں تبدیل کرنا ہے جہاں اختلاف رائے کو دشمنی نہ سمجھا جائے اور تنقید کو حوصلہ سے برداشت کیا جائے۔ ہفتہ کو اپنے ایک ٹویٹ میں انہوں نے کہا کہ آئیے پاکستان کو ایک ایسے ملک میں تبدیل کریں جہاں اختلاف رائے کو دشمنی نہ سمجھا جائے، تنقید کو حوصلہ سے برداشت کیا جائے، عوامی خدمت سیاست کا محور ہو، خواتین کا احترام اور اقلیتوں کے حقوق کا تحفظ کیا جاتا ہو۔دریں اثناء وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاک چائنہ مشترکہ سرمایہ کاری کے منصوبوں کو جلد فعال کرنے لئے ہرممکن سہولت بہم پہنچائی جائے،پاکستان میں کام کرنے والی تمام چائنیزکمپنیز کے ملازمین کی سکیورٹی مزید موثر بنا یا جائے۔تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم شہباز شریف کے دورہ لاہور کے دوران ان کی زیر صدارت چائنیز کمپنی کی سرمایہ کاری کے سلسلے میں جائزہ اجلاس منعقد ہوا ۔ وفاقی وزیر برائے پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ احسن اقبال نے پاکستان چین کی کثیرالجہتی تعلقات اور سرمایہ کاری میں موجود مزید ممکنہ مواقع پر بریفنگ دی۔ وزیراعظم شہباز شریف نے خصوصی ہدایت کی کہ پاکستان میں سرمایہ کاری کرنے والی چائنیز کمپنیز کو درپیش مسائل ترجیحی بنیادوں پر حلکیے جائیں۔ پاک چائنہ مشترکہ سرمایہ کاری کے منصوبوں کو جلد فعال کرنے لیے ہرممکن سہولت بہم پہنچائی جائے۔ وزیراعظم نے مزید ہدایت جاری کہ پاکستان میں کام کرنے والی تمام چائنیزکمپنیز کے ملازمین کی سکیورٹی مزید موثر بنا یاجائے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے