English Al Qamar Urdu جون 29, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

بلوچستان کو خیرات نہیں حق چاہیے، وسائل مقامی افراد پر خرچ کیے جائیں،سراج الحق

القمر

کوئٹہ: امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق نے کہا ہے کہ22کروڑ مسلمانوں کے نظریاتی ملک کی معیشت، تعلیم اور عدالتی نظام سامراج کے اشاروں پر چلتا ہے۔

سراج الحق نے کہاکہ  عوام مہنگائی اور بے روزگاری کی آگ میں جل رہے ہیں، مدارس، مساجد اور تہذیب پر حملے جاری، مگر حکمران طبقہ مفادات کی جنگ میں مصروف ہے۔ بلوچستان میں ایک طرف بارشوں اور سیلاب سے لوگ شہید ہو رہے ہیں، گھر، مال مویشی پانی میں بہہ گئے اور دوسری جانب صوبے کے دارالحکومت میں بھی لوگوں کو پینے کا پانی تک دستیاب نہیں۔

امیر جماعت اسلامی پاکستان کا کہنا تھا کہ  گمشدہ افراد کی مائیں، بہنیں، بیٹیاں کوئٹہ کے فٹ پاتھوں پر بیٹھی احتجاج کر رہی ہیں، مگر کوئی ان کی آواز سننے کو تیار نہیں۔ بلوچستان کا امن تباہ، ٹارگٹ کلنگ کے خوف سے لوگ گھروں میں قید ہو کر رہ گئے۔ ظلم و جبر کی وجہ سے صوبے کے عوام کا سانس لینا دشوار ہو چکا۔ ٹرانسپرنسی انٹرنیشنل کی رپورٹ کے مطابق بلوچستان میں 65فیصد کرپشن ہے۔

انہوں نے مزید کہاکہ ملک کے جغرافیائی لحاظ سے سب سے اہم اور بڑے صوبے کے 70فیصد نوجوان بے روزگار ، گھر گھر غربت ناچ رہی ہے۔ صوبے کو تنہا کر کے اسے لولی پاپ دیا جا رہا ہے۔ بلوچستان کو خیرات نہیں اس کا حق دیا جائے۔

سراج الحق کا کہنا تھا کہ  صوبے کے وسائل صوبے کے عوام پر خرچ کیے جائیں۔ اب بلوچستان کے لوگوں کو حقوق کے لیے اٹھنا ہو گا۔ جماعت اسلامی صوبے کے عوام کو اطمینان دلاتی ہے کہ ہم آپ کے ساتھ ہیں۔ آج بھی بلوچستان کے سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں جماعت اسلامی اور الخدمت فائونڈیشن کے رضا کار خدمات انجام دے رہے ہیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے