English Al Qamar Urdu جون 28, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

کراچی سے لاپتا 3 افراد کی لاشیں اندرون سندھ سے برآمد، تحقیقات کا فیصلہ

القمر

کراچی: کراچی میں کئی سال سے لاپتا 3 سیاسی کارکنوں کی لاشیں اندرون سندھ سے برآمد ہوئی ہیں۔ وفاقی وزیر داخلہ نے لاشیں ملنے کے واقعہ کی تحقیقات کروانے کا فیصلہ کیا ہے۔

رپورٹ کے مطابق شہر کراچی سے 3 سال قبل لیاری سے لاپتہ ہونے والے سہیل عرف سمیع ولد حسن کی لاش عمر کوٹ سے مل گئی ہے۔ ایس ایس پی سٹی شبیر سیٹھار کے مطابق 2019 میں سہیل عرف سمیع کے لاپتہ ہونے کا مقدمہ بغدادی تھانے میں درج کیا گیا تھا۔ عمر کوٹ پولیس نے بغدادی پولیس سے رابطہ کرلیا ہے، ایس ایچ او بغدادی کے مطابق سہیل عرف سمیع کا تعلق لیاری گینگ وارعزیز بلوچ گروپ سے تھا اور اس کے خلاف بغدادی تھانے میں 10 مقدمات بھی درج ہیں جن میں وہ پولیس کو مطلوب تھا۔

انہوں نے بتایا کہ متوفی سہیل کی لاش ملنے کے بعد اہلخانہ کا عمر کوٹ پولیس سے رابطہ ہو گیا ہے ۔دوسری طرف عمرکوٹ میرپورخاص روڈ پر سڑک کنارے ملنے والی دوسری لاش کی شناخت کراچی کے رہائشی راجو کے نام سے ہوئی۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق متوفی راجو ایم کیو ایم شاہ فیصل کالونی کراچی کا کارکن اور گزشتہ دس سال سے لاپتہ تھا۔ ادھر کراچی سے سات سال پہلے لاپتہ ہونے والے ایم کیو ایم کے ایک اور کارکن عابد عباسی عرف عابد چیئرمین کی نوابشاہ سے لاش برآمد ہوئی۔

دوسری جانب وزیر داخلہ رانا ثنااللہ اور وفاقی وزیر اکنامک افیرز سردار ایاز صادق کی ایم کیو ایم رہنماؤں وفاقی وزیر امین الحق اور خالد مقبول صدیقی سے ملاقات کی ہے جس میں لاشیں ملنے کے واقعات پر اظہار افسوس کیا ہے اور واقعے کی آزادانہ تحقیقات کا فیصلہ کیاہے ۔

رانا ثنا راللہ نے کہا کہ لاپتہ افراد کی لاشیں ملنے کے واقعے کی مذمت کرتا ہوں، سندھ حکومت سے مل کر واقعے کی تحقیقات کروائیں گے،  ذمہ داران کو قانون کے کٹہرے میں لائیں گے، ان کیخلاف سخت ایکشن لیں گے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے