English Al Qamar Urdu جون 24, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

علامہ یوسف القرضاوی 96 برس کی عمر میں انتقال فرماگئے

القمر

دوحا: دنیائے اسلام کے معروف مبلغ اور مذہبی ا سکالر علامہ شیخ یوسف القرضاوی 96 برس کی عمر میں قطر میں انتقال فرما گئے۔

بین الاقوامی خبر رساں اداروں کے مطابق شیخ یوسف القرضاوی کا شمار دنیائے اسلام کے بااثر ترین علما میں ہوتا تھا۔ آپ کا تعلق مصر سے تھا جب کہ آپ جلاوطنی کے باعث کئی دہائیوں سے قطر میں مقیم تھے۔ علامہ یوسف القرضاوی دنیائے عرب کی معروف اسلامی تنظیم اخوان المسلمون کے فکری رہنما اور انٹرنیشنل یونین آف مسلم اسکالرز کے چیئرمین بھی تھے۔

عرب دنیا میں علامہ یوسف القرضاوی کو غیر معمولی مقبولیت حاصل تھی۔ انہوں نے 50 سے زیادہ کتب کی تصنیف کی۔ اسلامی قانون اور فقہ ان کا خاص موضوع تھا جب کہ وہ عالم اسلام میں جمہوری نظام کے بڑے حامی سمجھے جاتے تھے۔ علامہ قرضاوی کو گزشتہ برس کورونا ہوا تھا، تاہم وہ وبا سے شفایاب ہونے کے بعد کچھ عرصے سے علیل تھے۔

شیخ یوسف القرضاوی 1926ء کو پیدا ہوئے اور مصر میں اپنی تعلیم مکمل کرکے اخوان المسلمون سے وابستہ ہوگئے۔ انہوں نے تنظیم کے لیے عملی جدوجہد میں حصہ لیا، جس کی پاداش میں 1950ء کو جمال عبدالناصر کے دور میں گرفتار بھی ہوئے۔ آپ 1960ء کی دہائی کے اوائل میں مصر سے قطر کے لیے روانہ ہوئے اور قطر یونیورسٹی میں فیکلٹی آف شریعہ کے ڈین کے طور پر خدمات انجام دیں جس کی بنیاد پر انہیں 1968ء میں قطری شہریت بھی مل گئی تھی۔

علامہ شیخ یوسف القرضاوی کی زکوۃ، اسلامی قوانین کی تشریح اور اسلامی نظام کے نفاذ سے متعلق کتابوں نے عالمی شہرت حاصل کی، جو اسلامی جدوجہد اور نظام انصاف کے نفاذ کی سعی کرنے والوں کے لیے مشعل راہ ثابت ہوئیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے