چیئرمین نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) نے کراچی کو بجلی فراہم کرنے والی کمپنی کے الیکٹرک کو سستی بجلی کی پیداوار کے لیے اقدامات کرنے کی ہدایت کی ہے۔
کے الیکٹرک کی اگست کی فیول چارجز ایڈجسٹمنٹ کی مد میں کیس پر سماعت چیئرمین نیپرا توصیف ایچ فاروقی کی صدارت میں ہوئی۔
کے الیکٹرک کی جانب سے اگست کی فیول ایڈجسمنٹ میں 4 روپے 21 پیسے فی یونٹ بجلی سستی کرنے کی تجویز دی گئی تھی تاہم نیپرا نے کے الیکٹرک کےلیے بجلی کی فی یونٹ قیمت میں 4 روپے 87 پیسے کمی کی منظوری دے دی۔
نیپرا کا کہنا ہے کہ کے الیکٹرک صارفین کو 7 ارب 21 کروڑ روپے سے زائد کا ریلیف حاصل ہوگا۔
نیپرا حکام کے مطابق کے الیکٹرک کی اپنی بجلی پیداوار کی لاگت 38 روپے فی یونٹ ہے،جب کہ کےالیکٹرک جو بجلی خریدتا ہے اس کی لاگت 13.61 روپے فی یونٹ ہے۔
نیپرا حکام نے کہا کہ اگست کے فیول چارجز ایڈجسٹمنٹ میں کے الیکٹرک صارفین کے لیے بجلی 4 روپے87 پیسے فی یونٹ سستی ہو گی جبکہ چیئرمین نیپرا نے کہا کہ ہم کراچی کے صارفین کے مسائل سننے کے لیے کھلی کچہری کریں گے۔
کے الیکٹرک حکام نے کہا کہ پورٹ قاسم پاور پلانٹ کے یونٹ ون میں خرابی آئی ہوئی ہے، ٹیمیں پورٹ قاسم پاور پلانٹ میں خرابی دور کرنے پر کام کر رہی ہیں۔
