اسلام آباد: پی ٹی آئی رہنمائوں سے دوران حراست غیر انسانی سلوک کی تحقیقات کے لیے اسلام آباد ہائیکورٹ میں جوڈیشل کمیشن کے قیام کی درخواست دائر کر دی۔
درخواست میں کہا گیا ہے کہ ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج سے کم رینک کے جوڈیشل افسر سے انکوائری نہ کرائی جائے۔ تفصیلات کے مطابق پی ٹی آئی کے سینئر رہنما اسد قیصر اور پرویز خٹک سمیت دیگر نے اسلام آباد ہائی کورٹ میں درخواست جمع کرائی جس میں سیکرٹری داخلہ، ڈی جی ایف آئی اے، آئی جی اسلام آباد اور دیگر کو فریق بنایا گیا ہے۔
درخواست میں کہا گیا ہے کہ شہباز گل، اعظم سواتی اور صالح محمد کے ساتھ ناروا سلوک کی تحقیقات کرائی جائیں۔ جوڈیشل انکوائری کے لیے ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج سے کم رینک کے جوڈیشل افسر کو مقرر نہ کیا جائے۔ درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ کسی بھی الزام میں گرفتار ملزم کو انٹیلی جنس ایجنسیوں کی تحویل میں نہ دینے کے احکامات جاری کیے جائیں۔ درخواست میں مزید موقف اپنایا گیا ہے کہ پی ٹی آئی کے ارکان پارلیمنٹ، ورکرز کو غیر قانونی حراست میں لینے، تشدد کرنے اور ہراسگی سے روکا جائے۔ اسلام آباد میں تحریک انصاف کے احتجاج کے دوران فریقین کو غیر قانونی اقدامات سے روکنے کے احکامات بھی جاری کیے جائیں۔
